وینا ملک کے “مسٹری مین” کا راز کھل گیا، سامنے کب آئے گا؟

پاکستانی اداکارہ و میزبان وینا ملک نے شہریار چوہدری نامی اپنے ’مسٹری مین‘ کو شادی والے دن دنیا کے سامنے لانے کا اعلان کر دیا۔

حال ہی میں مختلف انسٹا اسٹوریز اور پوسٹس کے ذریعے اداکارہ نے عندیہ دیا تھا کہ ان کی زندگی میں کسی خاص شخصی کی آمد ہو چکی ہے تاہم انہوں نے اس شخص کے نام کے علاوہ کوئی اور تفصیل واضح نہیں کی تھی۔مذکورہ شخص شہریار چوہدری ماڈل و اداکارہ سے عمر میں 6 سال چھوٹے ہیں جبکہ وہ سوشل میڈیا پر مختلف کانٹینٹ کے ساتھ اپنے گانے کی ویڈیوز وغیرہ بھی شئیر کرتے رہتے ہیں۔اب جیو ڈیجیٹل کو دیے گئے انٹرویو میں وینا ملک نے انکشاف کیا ہے کہ وہ شہریار چوہدری کو دنیا کے سامنے اس دن لے آئیں گی جس دن ان دونوں کی شادی ہو گی۔

ان کا کہنا ہے کہ زندگی میں آنے والی اس اہم تبدیلی کو سب کے سامنے رکھا ہے تو جب شادی کی تاریخ فائنل کروں گی تو بھی سب کو بتاؤں گی، بلکہ دولہے کا چہرہ بھی دکھاؤں گی۔اداکارہ نے قہقہہ لگاتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں کو شہریار چوہدری کا چہرہ دیکھنے کا اشتیاق ہے ان کی خواہش شادی والے دن پوری ہو جائے گی۔سابقہ شوہر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میں نے بہت کم عمری میں کیریئر کا آغاز کیا تھا اور پھر جلد ہی شادی کا فیصلہ کر لیا، اس جلد بازی کو زندگی کی سب سے بڑی غلطی سمجھتی ہوں اور اب یہ غلطی دوبارہ دہرانے والی نہیں۔

وینا ملک نے یہ بھی بتایا کہ شہریار انہیں پسند کرتے تھے لیکن انہوں نے دل کی بات دل میں ہی رکھی، دوسری طرف میں کیریئر اور زندگی میں مصروف تھی، اس دوران 6 سال پڑھائی بھی کی، بی ایس سی اور ماسٹرز مکمل کیا لیکن شادی کرنے یا گھر بسانے کا میرا کوئی ارادہ نہیں تھا۔اداکارہ کے مطابق یہ سب بہت اچانک ہوا اور میں ابھی ان تمام احساسات کو محسوس کرنے میں خوش ہوں، جہاں تک بچوں کی بات ہے تو وہ اب سمجھدار ہیں۔

اپنے نئے پارٹنر کے بارے میں بات کرتے ہوئے وینا ملک نے بتایا کہ شہریار چوہدری اسلام آباد کے اعلیٰ خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، ان کا گاڑیوں اور پراپرٹیز کا کاروبار ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ہماری ابتدائی کچھ ملاقاتیں اسلام آباد میں ہی ہوئیں، ان مختصر ملاقاتوں میں شہریار کو ایک خوبصورت انسان پایا، وہ تعلیم یافتہ، خوبرو ہونے کے ساتھ ساتھ حافظِ قرآن بھی ہیں اور یہی خوبی دل کو بھا گئی۔میں اپنی زندگی کو پرائیویٹ رکھنا چاہتا ہوں: شہریار چوہدری،جیو ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے شہریار چوہدری نے بتایا کہ میں اپنی زندگی کو پرائیویٹ رکھنا چاہتا ہوں اور یہی وجہ ہے کہ آپ کو میری تصاویر میری پروفائل پہ نظر نہیں آئیں گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا تھا کہ ہمارا رشتہ اس قدر توجہ حاصل کر لے گا لیکن مجھے اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا، وینا کا ماضی ہمارے رشتے پر اثر انداز نہیں ہو سکتا کیونکہ یہ ہمارا آج ہے اور آج ہی اہمیت رکھتا ہے۔دورانِ انٹرویو اس رشتے کے مستقبل کے حوالے سے پوچھے جانے پر وینا ملک اور شہریار چوہدری دونوں خاموش ہو گئے۔واضح رہے کہ وینا ملک نے 2013ء میں بزنس مین اسد بشیر خٹک سے دبئی میں شادی کی تھی جن سے ان کے 2 بچے بھی ہیں۔یہ شادی 3 سال بعد ختم ہو گئی تھی، جس کی وجہ وینا کی جانب سے ایک دوسرے سے مطابقت نہ ہونا بتائی گئی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close