سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی حکومت کی ناکامی پر کھل کر بول پڑے

لاہور(پی این آئی) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نےکہا ہےکہ آئی ایم ایف کے پاس جانا اس بات کا اعتراف ہےکہ ہم ناکام ہوچکے ہیں، آئی ایم ایف سے ڈیل کرنے سے گروتھ رک جاتی ہے اور مہنگائی بڑھتی ہے۔

لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف آپ کو زندہ رکھتا ہے، ہر اکنامک پیرامیٹرز پر آپ زوال پذیر ہیں، لوگ کہتے ہیں کہ بجٹ میں کیا ریلیف آئےگا، آپ نے جو کچھ کرنا ہے قرضہ لےکرکرنا ہے، جب تک نظام عدل ٹھیک نہیں ہوگا کہیں سے سرمایہ کاری نہیں آئےگی۔شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہم آٹا بانٹنا شروع کردیتے ہیں جس میں چالیس فیصد چوری ہوتی ہے، آپ کی انڈسٹری کی گروتھ ہو ہی نہیں سکتی، اگر سیاسی معاملات کو درست نہیں کریں گے تو یہ معاملات درست نہیں ہوں گے، کسی خام خیالی میں نہ رہیں، تمام چیزیں آپس میں جڑی ہوئی ہیں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم سب چیزوں سے بے نیاز ہو کر دعوے کرتے ہیں، ان دعوؤں میں کوئی حقیقت نہیں، آئی ایم ایف کے پاس جانا اس بات کا اعتراف ہے کہ ہم ناکام ہوچکے ہیں، آئی ایم ایف ڈیل سے گروتھ رک جاتی ہے مہنگائی بڑھتی ہے، ہم نالائق ہیں اپنے معاملات خود حل نہیں کرسکتے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close