سندھ ہائیکورٹ نے اڈیالہ جیل میں قید عمران خان سے متعلق بڑا حکم جاری کر دیا

کراچی(پی این آئی)سندھ ہائیکورٹ کا راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں کی سیکورٹی یقینی بنانے کا حکم،چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ عقیل احمد عباسی نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کو سیکیورٹی فراہم کرنے کیلئے دائر درخواست کی سماعت کی ، وفاقی وزارتِ داخلہ کی جانب سے جواب جمع کرایا گیا۔

عدالت نے وفاقی وزارتِ داخلہ کے جواب کو عدالتی ریکارڈ کا حصہ بھی بنا لیا۔ عدالت نے حکم دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت جیل کی سیکیورٹی کا مسلسل جائزہ لیتی رہی ہے، اگر ضروری ہو تو متعلقہ حکام جیل کے اندر اور باہر سیکیورٹی بڑھائیں، درخواست گزار کو اگر مزید خدشات ہیں تو متعلقہ فورم سے رجوع کر سکتا ہے، جواب میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فراہمی حکومت کی ذمے داری ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ہمارا موقف ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی سیکیورٹی بڑھائی جائے۔ عدالت نے کہا کہ وفاقی حکومت ایسے جان نہیں چھڑا سکتی، باہر سے حملے کا خطرہ ہے تو وفاق ہی یہ معاملہ دیکھے گا، ہم نے معاملے کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے جواب طلب کیا تھا۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت کو خطرات کے پیشِ نظر انتظامات کا کہا ہے۔چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ عقیل احمد عباسی نے درخواست گزار سے کہا کہ آپ کی لیگل ٹیم کو چاہیے کہ صحیح جگہ جا کر درخواست دائر کریں، آپ لوگ یہاں کہہ کر چلے جاتے ہیں پھر باتیں ہوتی ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کو ریلیف دیا جا رہا ہے۔ عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف کو سیکیورٹی فراہم کرنے سے متعلق درخواست نمٹا دی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں