نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اچھی خبر سنا دی

لاہور(پی این آئی) وزیراعلی محسن نقوی نے 7 سال سے تعطل کا شکار منصوبے کو چند ماہ میں پایہ تکمیل تک پہنچا دیااور پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کمپلیکس کا افتتاح کر دیا، وزیراعلی محسن نقوی نے پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے مختلف شعبوں کا دورہ کیااور آڈیٹوریم بھی دیکھا۔

وزیر اعلی محسن نقوی نے پراجیکٹ کو معیارورفتار کے ساتھ مکمل کرنے پر سیکرٹری تعمیرات ومواصلات اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔ وزیراعلی محسن نقوی کو پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کا پراجیکٹ 2017میں شروع ہوا تھا۔ وزیراعلی کی کاوشوں سے چند ہی ماہ میں پی اے ایف ڈی اے کے پراجیکٹ کو مکمل کر دیا گیا ہے۔ پی اے ایف ڈی اے لیبارٹری میں انسانوں اور جانورں کیلئے مخصوص ادویات کا ٹیسٹ ہو سکے گا۔ لیبارٹری میں پہلی مرتبہ زرعی مداخل، پیسٹی سائیڈ، کھاد کا کوالٹی ٹیسٹ کیا جا سکے گا۔ پی اے ایف ڈی اے کے ذریعے پہلی مرتبہ کارڈیک سٹنٹ اور آرتھوپیڈک امپلانٹس کاکوالٹی چیک ممکن ہو گا۔پی اے ایف ڈی اے لیب میں کاسمیٹک، ڈبوں میں بند محفوظ خوراک کا کوالٹی ٹیسٹ بھی ہو گا۔ پاکستان کی پہلی پی اے ایف ڈی اے لیب میں مائیکرو لیول کیمیائی مواد، منرلز ٹیسٹنگ بھی ممکن ہو گی۔

پی اے ایف ڈی اے لیب میں ایڈوانس لیول ٹیسٹ اور یونیفائیڈ کراس ٹیسٹنگ کی جا سکے گی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پی اے ایف ڈی اے پراجیکٹ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ 2 حکومتو ں سے پی اے ایف ڈی اے پراجیکٹ زیر التواء تھا، محکمہ تعمیرات ومواصلات او ر داخلہ نے بڑی محنت سے پراجیکٹ مکمل کیاہے۔پی اے ایف ڈی اے کا سٹرکچر تعمیر کرنا اور آلات نصب کرنا بہت اہم کام تھا۔ پی اے ایف ڈی اے میں ایچ آر الیکشن کمیشن کی اجازت سے بھرتی کریں گے۔ الیکشن کے بعد پی اے ایف ڈی اے میں بھرتی شروع ہوجائے گی۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ پی اے ایف ڈی اے کی بلڈنگ تیار ہے اور آلات بھی موجود ہیں۔ پی اے ایف ڈی اے لیبارٹری فوڈ، ایگریکلچر اور ڈرگز کی ٹیسٹنگ لیب ہوگی۔

پی اے ایف ڈی اے پاکستان کی بہترین لیب ہوگی۔ پی اے ایف ڈی اے کے معیار کو برقرار رکھنے کے لئے سابقہ ڈی جی کے نقش قدم پر چلنا پڑے گا۔ سابقہ ڈی جی اشرف طاہر کی کمی محسوس ہورہی ہے،اس سارے کام کے پیچھے ان کی بھی محنت ہے، اللہ تعالیٰ انکو جنت میں جگہ دے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ نوجوانوں کو کینیڈا بھجوانے کیلئے پنجاب حکومت نے کینیڈا میں ایک اہم ایم اویو پر دستخط کئے ہیں جس سے بہت فائدہ اٹھایاجاسکتا ہے۔آنے والی حکومت کینیڈا سے کئے گئے معاہدے کا فالو اپ کرے گی۔ کینیڈا کے ساتھ ایم او یو دستخط کرنے کے حوالے سے آج رات ٹیم سے بریفنگ لوں گا۔ انشاء اللہ 7فروری تک تمام منصوبوں کا افتتاح ہوجائے گا او رفنکشنل ہوں گے۔ پی اے ایف ڈی اے بلڈنگ کا ابتدائی تخمینہ 6.7 ارب روپے تھا، التواء کی وجہ سے 15 ارب روپے لاگت آئی ہے۔ کسی سرکاری ملازم کو کسی بھی پارٹی کے جلسے میں شمولیت کی ہدایت نہیں کی نہ ہی ہم یہ افورڈ کرسکتے ہیں۔ الیکشن کے حوالے سے جہاں سے شکایت آرہی ہے وہاں سخت ایکشن لیا جارہا ہے۔ جہاں بھی الیکشن رولز کی خلاف ورزی ہوئی ہے،ہم نے الیکشن کمیشن کو اطلاع دی اور اجازت لے کر ایکشن لیا ہے۔

الیکشن سے متعلق شکایات کے ازالے میں کسی قسم کا کوئی انتظار نہیں کیا جارہا ہے۔انشا ء اللہ صحافی بھائیوں کو مایوس نہیں کریں گے۔ پنجاب میں مجموعی طورپر 49 ہزار پولنگ سٹیشن ہیں تقریباً 6 ہزار کے قریب حساس قرار کردئیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن، محکمہ داخلہ اور پولیس آزاد انہ اور شفاف الیکشن کرانے کے لئے ایک پیج پرہیں۔ ہم اپنا کام کررہے ہیں، وفاقی حکومت اپنا کام کررہی ہے۔ صوبائی وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ ڈاکٹر جمال ناصر، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری لائیوسٹاک، سیکرٹری فوڈ، سیکرٹری زراعت،سی سی پی او، کمشنر لاہور،ڈی جی پی اے ایف ڈی اے اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں