مسلم لیگ (ن) نے پنجاب میں اکثریت حاصل کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا

لاہور (پی این آئی) ن لیگ نے پنجاب سے اکثریت حاصل کرنے کا پلان مرتب کر لیا۔

جنوبی پنجاب میں ن لیگ کو بڑا بریک تھرو ملے گا۔ن لیگ نے جنوبی پنجاب میں خسرو بختیار سمیت سابقہ جنوبی پنجاب محاذ کے دیگر رہنماؤں سے بیک ڈور رابطے شروع کر دئیے۔جنوبی پنجاب کے الیکٹیبلز کی ن لیگ میں شمولیت اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ سمیت انتخابی اتحاد بننے کا بھی امکان ہے،پہلے مرحلے میں جنوبی پنجاب محاذ کو دوبارہ فعال کیا جائے گا۔ ن لیگ کی پہلی ترجیح کے طور پر سابقہ جنوبی پنجاب کو اپنی جماعت میں ضم کرنے کی کوشش کرے گی۔ن لیگ کی قیادت خسرو بختیار اور ان کے ساتھیوں کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔خسرو بختیار اور ان کے بھائی ہاشم جواں بخت کی جلد ن لیگ میں شمولیت کا امکان ہے۔ خسرو بختیار ممکنہ طور پر نوازشریف کے دورہ جنوبی پنجاب کے دوران پارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔ ن لیگ پنجاب سے اپنی نشستوں میں اضافے کے لیے الیکٹیبلز کو اپنی جماعت میں شامل کرنے کا پلان بنا چکی ہے۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد منڈی بہاؤ الدین سے تعلق رکھنے والی سیاسی شخصیات نے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔سابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خالد رانجھا ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی ہے۔ اس موقع پر شہباز شریف نے کہا ہے کہ ن لیگ عوام کی اکثریت کی نمائندہ اور سب سے بڑی جماعت ہے اور عوام کی خدمت میں اپنا ثانی نہیں رکھتی۔ اٴْنہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو معاشی بحرانوں سے نکالنے کی فیصلہ کن جدوجہد کریں گے۔مسلم لیگ (ن )کے صدر نے کہا کہ پاکستان کی معاشی بحالی اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کی جدوجہد تیز ہو گی۔خالد رانجھا نے نواز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں مسلم لیگ ن کو کامیاب بنائیں گے۔اٴْنہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی انتخابی فتح میں ہی پاکستان اور عوام کی بھلائی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں