مصر(انٹرنیوز)پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیاروں کا ایک دستہ مصر کے محمد نجیب ملٹری بیس پر دو ہفتے تک جاری رہنے والی کثیر القومی فضائی مشق ’’برائٹ اسٹار 2023‘‘ میں شرکت کیلئے پہنچ گیا ہے۔مصر 1995 سے دنیا بھر کے ممالک کو اس مشق میں حصہ لینے کی دعوت دیتا آرہا ہے اور اسے دنیا کی سب سے بڑی اور پیچیدہ مشترکہ فضائی مشقوں میں سے ایک میں تبدیل کر دیا ہے۔
اس مشق کے بنیادی مقاصد میں شریک ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینا، مشترکہ طور پر سیکھنے کے مواقع کے لیے ایک پلیٹ فارم تیار کرنا، فضائی جنگ کے حقیقت پسندانہ منظرناموں کی تقلید کرنا اور فضائی افواج کو آپریشنل تیاری کے حقیقی وقت کا اندازہ فراہم کرنا شامل ہے۔دو ہفتوں کے دوران شمال مغربی قاہرہ کے صحرائی علاقے میں ہونے والی اس مشق میں پاکستان، سعودی عرب، قطر، امریکہ، ہندوستان اور یونان سمیت 34 ممالک کے فضائی، بحری اور زمینی اثاثے اکٹھے ہوں گے۔پاک فضائیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’پیچیدہ سیکیورٹی ماحول اور عصری اسٹریٹجک چیلنجز کی روشنی میں، برائٹ سٹار 2023 جیسی مشقیں پاک فضائیہ کو دوست ممالک کے ساتھ باہمی تعاون کو بڑھانے کے قابل بناتی ہیں۔‘
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں