مومنہ وحید نے سنگین الزامات پر فواد چوہدری کو بڑا جھٹکادیدیا

لاہور(پی این آئی) پی ٹی آئی کی خاتون رکن مومنہ وحید نے فواد چوہدری کیخلاف قانونی کارروائی کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے ارد گرد ایک خوشامدی ٹولہ ہے، فواد چوہدری بھی انہیں میں سے ایک ہیں، پچھلے ایک ڈیڑھ سال سے ان کی یہی نوکری رہی ہے۔

مومنہ وحید نے مزید کہا کہ اب بھی پارٹی میں ہوں، کسی سازش یا پلان کا حصہ نہیں، پرویز الٰہی پی ٹی آئی کے ووٹوں سے اسپیکر و وزیراعلیٰ بنے، جو لوگ مایوس ہیں ممکن ہے وہ اعتماد کا ووٹ نہ دیں۔ رکن صوبائی اسمبلی مومنہ وحید نے فواد چوہدری کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ان کیخلاف قانونی کارروائی کا اعلان کردیا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ ہر کوئی فواد چوہدری کی طرح پارٹیاں نہیں بدلتا اور نہ ہی ان کی طرح بکنے کیلئے ہوتا ہے، مجھے تو اپنی پارٹی اور چیئرمین سے کوئی شکایت نہیں تھی، صرف ایک معاملے پر کہا کہ پرویز الہٰی کو ووٹ نہیں دوں گی۔سماء کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مومنہ وحید نے کہا کہ عمران خان کے ارد گرد ایک خوشامدی ٹولہ ہے، عمران خان کو لوگ سب اچھا ہے کی رپورٹ دیتے رہے، فواد چوہدری بھی انہیں میں سے ایک ہیں، پچھلے ایک ڈیڑھ سال سے ان کی یہی نوکری رہی ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ تاحال عمران خان پر حملے کا مقدمہ کیوں نہیں ہوا، میں نے پارٹی نہیں بدلی اب بھی پی ٹی آئی کا حصہ ہوں، رجیم چینج آپریشن ایک رات میں نہیں ہوا تھا۔مومنہ وحید نے مزید کہا کہ کچھ روز پہلے بھی کہا تھا کہ پرویز الٰہی اسپیکر پی ٹی آئی کے ووٹوں سے بنے، پرویز الٰہی کو ایک جنگ کے بعد وزیراعلیٰ بنایا گیا، میں سب سے آگے تھی، میں کسی سازش یا پلان کا حصہ نہیں ہوں۔ ان کا کہنا ہے کہ پرویز الٰہی ہماری توقعات پر پورا نہیں اتر سکے، جو لوگ مایوس ہیں ممکن ہے وہ اعتماد کا ووٹ نہیں دیں گے۔ ندیم ملک لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنماء عطاء تارڑ نے کہا کہ ہمارا مومنہ وحید سے کوئی رابطہ نہیں ہے، الزامات لگانا نامناسب عمل ہے، 10 سیٹوں والے وزیراعلیٰ کو مسلط کیا جائے گا تو وہ کتنی دیر چلے گا۔یاد رہے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء فواد چودھری نے الزام عائد کیا ہے کہ مومنہ وحید نے ڈیل کے بعد 5 کروڑ روپے لیے ہیں۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ رپورٹس ہیں کہ مومنہ وحید کے بارے جو کہا جارہا ہے، اس نے بکنے کو ترجیح دی، مومنہ وحید نے ڈیل کے بعد 5 کروڑ روپے لیے، مومنہ وحید نے لوٹا ہونے کو ترجیح دی۔ کل اسمبلی میں 21 بل پاس ہوئے جو وزیراعلیٰ پر اعتماد کا ہی اظہار ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ مظفر گڑھ کے ممبران کو نامعلوم نمبرز سے کالز آئی، مظفر گڑھ کے ممبران کو رشوت کی آفر دی گئی، پی ڈی ایم کی طرف سے 5 ایم پی ایز کیلئے ایک ارب 20 کروڑ روپے آفر کی گئی، ہمارے لوگوں کو توڑنے کی کوشش کی گئی، ہمارے ایم پی ایز نے ان آفرز کو مسترد کر دیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں