ماشاءاللہ ، مشہور و معروف ہالی وڈ اداکار نے اسلام قبول کر لیا

ہالی ووڈ کے معروف اداکار جینکارلو ایسپوزیٹو نے سعودی عرب میں قیام کے دوران اسلام قبول کر لیا ہے۔ یہ دعویٰ سعودی عرب کے جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ترکی آل الشیخ کی جانب سے کیا گیا ہے۔

ترکی آل الشیخ کے مطابق جینکارلو ایسپوزیٹو نے کلمہ شہادت پڑھ کر اسلام قبول کیا اور اس کے بعد فلمی ٹیم کے دیگر ارکان کے ساتھ مسجد میں نماز بھی ادا کی۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں انہیں ایک مسجد کے اندر فلم بنانے والی ٹیم کے دیگر افراد کے ساتھ نماز ادا کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس ویڈیو کے بعد ان کے اسلام قبول کرنے کی خبر دنیا بھر میں تیزی سے پھیل گئی۔

ترکی آل الشیخ کے مطابق اداکار کا اسلام قبول کرنے کا فیصلہ سعودی عرب میں قیام کے دوران اچھے تجربات اور وہاں کام کرتے ہوئے مسلمانوں کے ساتھ میل جول کا نتیجہ ہے۔

ان کے مطابق امریکی اداکار نے سعودی عرب میں لوگوں کے اچھے اخلاق، محبت اور مہمان نوازی کو بہت سراہا، جو انہوں نے شوٹنگ کے دوران خود محسوس کیا۔

جینکارلو ایسپوزیٹو ان دنوں سعودی عرب میں فلم “سیون ڈاگز” کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جو ایک بڑے بین الاقوامی پروجیکٹ کے طور پر سامنے آ رہی ہے۔

وہ دنیا بھر میں اپنے مشہور کردار “گس فرنگ” کے باعث جانے جاتے ہیں، جو انہوں نے مشہور ٹی وی سیریز بریکنگ بیڈ میں ادا کیا تھا اور اسی کردار نے انہیں عالمی شہرت دلائی۔

تاہم اب تک خود جینکارلو ایسپوزیٹو کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ تفصیلی بیان سامنے نہیں آیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close