نیب کے وکیل کی حمایت، احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیئے

اسلام آباد (پی این آئی) نیب کے وکیل کی جانب سے اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کی حمایت کر دی گئی۔ جس کے بعد احتساب عدالت نے وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کے آمدن سےزائد اثاثہ جات پر نیب ریفرنس میں وارنٹِ گرفتاری منسوخ کر دیے۔ احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے اسحاق ڈار کو 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ احتساب عدالت میں اسحاق ڈار اپنے وکیل قاضی مصباح کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

اسحاق ڈار کے وکیل نے عدالت سے اسحاق ڈار کے وارنٹِ گرفتاری مستقل طور پر منسوخ کرنے کی استدعا کی۔ انہوں نے مزید استدعا کی کہ اسحاق ڈار کی جائیداد ضبطگی کا آرڈر بھی ختم کیا جائے، اسحاق ڈار اب عدالت کے سامنے موجود ہیں۔ جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ کیا نیب نے خود بھی اسحاق ڈار کے کوئی وارنٹ جاری کیے تھے؟ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ نیب نے وارنٹ جاری کیے تھے لیکن وہ معطل ہو گئے تھے۔

وکیل قاضی مصباح نے بتایا کہ عدالت نے صرف اسحاق ڈار کی حاضری کے لیے وارنٹس جاری کیے تھے۔ عدالت نے نیب سے سوال کیا کہ اب آپ کا کیا مؤقف ہے، وارنٹس منسوخ کیے جائیں یا نہیں؟ںنیب پراسیکیوٹر نے بھی وارنٹس کی منسوخی کی حمایت کر دی اور کہا کہ عدالت کا وارنٹ صرف اسحاق ڈار کی حاضری کے لیے ہی تھا۔ اسحاق ڈار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اسحاق ڈار نے ایک کانفرنس میں شرکت کے لیے بیرونِ ملک جانا ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں