بلوچستان میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کو تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مسترد کر دیا گیا

خضدار(آئی این پی)آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی خضدار کا اجلاس، بلدیاتی حلقہ بندیوں پرتحفظات کا اظہار، سیاسی جماعتوں اور عوامی رائے کو نظر انداز کرنے پر اتفاق رائے سے حلقہ بندیوں کو مسترد کردیا گیا۔ خضدار کو تین اضلاع میں تقسیم کرنے، گیس کی سہولت فراہم کرنے، شہریوں کی گرفتاری کے معاملہ میں آئینی و قانونی تقاضے پورے کرنے، 28فروری تک N-30کے متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی یقینی بنانے اور قومی شاہراہ پر حادثات کے پیش نظر قومی شاہراہ کو ڈبل کرنے اور ضلع خضدار کے حدود میں موٹروے پولیس تعینات کرنے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی خضدار کا ایک اجلاس زیر صدارت چیئرمین کمیٹی و نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر ایڈوکیٹ عبدالحمید بلوچ منعقد ہوا جس میں آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے جنرل سیکریٹری و انجمن تاجران خضدار کے نائب صدر ٹکری بشیر احمد جتک، بلوچستان نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر شفیق الرحمان ساسولی، حاجی اقبال لانگو، جمعیت علما اسلام کے صوبائی رہنما مولانا محمد صدیق مینگل، بلوچستان عوامی پارٹی کے ضلعی ترجمان محمد یونس گنگو، مزدور اتحاد کے رہنما صابر حسین قلندرانی، خضدار پریس کلب کے صدر منیر نور گرگناڑی، پاکستان پیپلز پارٹی خضدار سٹی کے صدر جمیل قادر زہری، جے یو آئی نظریاتی کے مولانا عبدالغفور کرخی، ریاض شاہوانی، جھالاوان زمیندار ایکشن کمیٹی کے رہنما وہاب غلامانی، نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی رہنما شیر احمد قمبرانی، ٹرانسپورٹ یونین کے رہنماوں بشیر احمد حلیمی، سیکریٹری عنایت و دیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کا جائزہ لیا گیا اور سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں نہ لینے اور دیگر پیچیدگیوں کے باعث حلقہ بندیوں کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا میونسپل کارپوریشن خضدار اور ڈسٹرکٹ کونسل خضدار کی نشستوں میں مزید اضافہ اور حلقہ بندیوں کے عمل میں عوامی رائے کو اہمیت دی جائے۔

اجلاس میں کہا گیا کہ خضدار رقبہ کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا ضلع ہے یہ وسیع و عریض علاقے پر پھیلا ہوا ہے رقبہ اور بڑھتی ہوئی آبادی کو دیکھتے ہوئے خضدار کو تین اضلاع میں تقسیم کرنا ضروری اور یہاں کے عوام کا حق ہے، اسی طرح خضدار بلوچستان کا دوسرا بڑا اور انتہائی اہم ضلع ہونے کے باوجود اب تک گیس کی سہولت سے محروم ہے، گیس نہ ہونے کی وجہ سے جنگلات کو کاٹ کر ایندھن کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے جس سے جنگلات اور جنگلی حیات نہ صرف ختم ہوکر رہ گئے ہیں بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی اضافہ دیکھا جارہا ہے۔۔ آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی خضدار کے شہریوں کو گیس کی سہولت سے مزید محروم رکھنے پر خاموش نہیں رہ سکتی، اجلاس کے توسط سے مطالبہ کیا گیا کہ خضدار کو فوری طور پر گیس کی سہولت فراہم کی جائے۔اجلاس میں نیو سبزی منڈی میں دکانوں کی الاٹمنٹ میں مبینہ گھپلوں اور زمیندار ایکشن کمیٹی کے مطالبہ پر تشکیل دی جانے والی انکوائری کمیٹی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ الاٹمنٹ کرنے والے آفیسر کو ہی انکوائری کمیٹی کا سربراہ بنادیا گیا ہے کسی ایسی کمیٹی سے شفاف تحقیقات کی امید رکھنا کس طرح ممکن ہے۔مطالبہ کیا گیا کہ نیو سبزی منڈی میں ہونے والی تمام الاٹمنٹس منسوخ کرکے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیکر از سر نو الاٹمنٹس کی جائیں۔

اجلاس میں ٹیچنگ ہسپتال میں علاج و معالجہ کے حوالے سے درپیش مشکلات اور صفائی کی ناقص صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ موجودہ ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال کے انتظامی امور کو بہتر انداز میں چلانے کی اہلیت نہیں رکھتے،مطالبہ کیا گیا کہ ٹیچنگ ہسپتال میں علاج و معالجہ اور صفائی و ستھرائی کی صورتحال میں بہتری لانے کے لیئے ایک قابل اور انتظامی امور میں مہارت رکھنے والے میڈیکل سپریٹنڈنٹ کی تعیناتی عمل میں لائی جائے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں