باب وولمر نے انتقال سے قبل کلمہ پڑھا یا نہیں؟ آخرکار سابق کرکٹر مشتاق احمد نے خاموشی توڑ دی

لاہور(پی این آئی )قومی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کے بعد سابق لیگ سپنر مشتاق احمد نے بھی باب وولمر کے انتقال سے پہلے مسلمان ہونے کی تصدیق کردی ۔مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں مشتاق احمد نے تصدیق کی کہ باب وولمر نے مرنے سے پہلے کلمہ پڑھ لیا تھا ۔ان کا کہنا تھا کہ باب وولمر ویسے بھی بہت اچھے انسان تھے اور وہ کرکٹ کو بہت اچھا سمجھتے تھے ۔

واضح رہے اس سے قبل انضمام الحق نے انکشاف کیا تھا کہ پاکستان کے سابق کوچ باب وولمر مرنے سے پہلے کلمہ پڑھ چکے تھے۔ورلڈ کپ 2007 میں پاکستانی کی آئرلینڈ کے ہاتھوں شرمناک شکست کے بعد 18 مارچ 2007 کوباب وولمر ہوٹل کے کمرے میں مردہ پائے گئے تھے۔ پولیس نے ان کی موت کو قتل قرار دیا تھا، بعدازاں اس سلسلے میں مزید تفتیش کے بعد 12 جون 2007 کو جمیکن پولیس حکام نے تصدیق کر دی کہ ان کی موت طبعی وجوہات کی وجہ سے ہوئی تھی۔تین غیر جانبدار پتھالوجسٹس کی رپورٹس اور ٹاکسالوجی ٹیسٹ سے یہ واضح ہوا کہ وولمر طبعی موت کا شکار ہوئے اور ان کے جسم میں کسی قسم کا زہر موجود نہیں تھا۔ یوں کئی مہینوں تک ان متنازع موت کا مسئلہ حل ہوا۔

انہیں سال 2005 میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کا کوچ مقرر کیا گیا اور 2007 کے ورلڈ کپ کے ابتدائی مرحلے میں ہی پاکستانی ٹیم کی پہلے ویسٹ انڈیز اور پھر آئر لینڈ جیسی نوآموز ٹیم کے ہاتھوں شکست پر ان کے مستعفی ہونے کی نوبت ہی نہ آئی۔وولمر نے دس ٹیسٹ سیریز میں پاکستانی ٹیم کی کوچنگ کی جن میں سے پاکستان نے چار جیتیں، تین ہاریں اور تین کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ انہوں نے مجموعی طور پر اٹھائیس ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کے کوچ کے فرائض انجام دیے جن میں دس ٹیسٹ پاکستان نے جیتے، گیارہ ہارے اور سات برابری پر ختم ہوئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں