بھارتی ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا، ٹی ٹونٹی کپ سے قبل ویرات کوہلی مستعفی

ممبئی(پی این آئی )بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے استعفے کا اعلان کردیا ۔مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں بھارتی کپتان نے کہا کہ میں بہت خوش قسمت ہوں کہ میں نے نہ صرف بھارت کی نمائندگی کی بلکہ اپنی پوری صلاحیتوں کے ساتھ ٹیم کی قیادت بھی کی ،مجھے اس سفر میں سپورٹ کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کرتا ہوں ،میں کپتانی کا یہ فریضہ سپورٹرز کے بغیر نہیں نبھا سکتا تھا ۔

انہوں نے کہا کہ ورک لوڈ کو سمجھنا بہت ضروری ہے ،میں پچھلے نو سالوں سے تینوں فارمیٹ کی کرکٹ کھیل رہا ہوں اور پچھلے پانچ سالوں سے بھارتی ٹیم کی قیادت کر رہا ہوں ،میں سمجھتاہوں کہ اب مجھے بھارتی ٹیم کی ون ڈے کرکٹ اور ٹیسٹ کرکٹ میں بھر پور طریقے سے کپتانی کے لیے کچھ وقت کی ضرورت ہے ۔میں نے ٹی ٹوئنٹی میں کپتانی کے دوران بھارتی ٹیم کے لیے اپنی بہتر صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور اب میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بلے باز کے طور پر ایسا کروں گا ۔ویرات کوہلی نے کہا کہ اس فیصلے تک پہنچنے میں وقت لگا ،اس حوالے سے روی شاستری ،روہت شرما سے بھی مشاورت کی جو کہ لیڈرشپ گروپ کا اہم حصہ ہیں،میں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد اس فارمیٹ کی کپتانی سے استعفے کا فیصلہ کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں اس حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سورو گنگولی سے بھی بات کر چکا ہوں ۔واضح رہے کہ اگلے ماہ سے دبئی میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آ غاز ہونے جا رہا ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں