اسلام آباد (آن لائن) امیر جمعیت علما اسلام مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ جمعیۃ علماء اسلام پاکستان افغانستان میں تحریک اسلامی طالبان افغانستان کی بیس سالہ طویل جہاد کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتی ہے۔ جمعیت نے روز اول سے امریکہ اور نیٹو افواج کے افغانستان پر حملے کو جارحیت اور تجاوز قرار دیا تھا اور طالبان کی طرف سے مزاحمت کو جائز دفاع قرار دیا تھا الحمد للہ بیش بہا مخلصانہ قربانیوں کے بعداللہ تعالی کی مدد اور تائید سے طالبان مجاہدین نے اپنے وطن افغانستان کو عالمی قوتوں اور ان کے گماشتوں سے آزاد کر دیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہم افغانستان کے عوام کو بالخصوص اور امت مسلمہ کو بالعموم مبارکباد کا مستحق قرار دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا طالبان قیادت نے فتوحات حاصل کرنے کے بعد امن ، خیر سگالی اور مفاہمت کی پالیسی کے ساتھ جس نئے نظام کے آغاز کیا ہے جمعیۃ علماء اسلام اسے قدر کے نگاہ سے دیکھتی اور دل کی گہرائیوں سے اسے خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا جس استقامت کے ساتھ انہوں نے جہاد میں اللہ تعالی کی مدد سے کامیابی حاصل کی ہم بجا طور پر توقع رکھیں گے کہ اسی خلوص ، للہیت اورتدبر کے ساتھ بہتر حکمت عملی کے ذریعہ ایک پر امن اور مستحکم اسلامی افغانستان کی تشکیل میں کامیاب ہونگے ۔ یہی افغان قوم اور ہم سب کی آرزو ہے جس کیلئے جمعیۃ علماءاسلام پاکستان ہر طرح کا تعاون کرنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا ہم صمیم قلب سے تحریک اسلامی طالبان کے امیر مولوی ہیبت اللہ حفظہ اللہ اور ان کے تمام رفقاء کار کو اس عظیم کامیابی اور نئی تاریخ رقم کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اور رب متعال سے دوام و استقلال کیلئے دعا گو ہیں۔۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں