پانچ سالہ بچے کا لینڈ کروزر چلانے کا معاملہ، گاڑی کا مالک مشکل میں پھنس گیا، ایف بی آر پیچھے لگ گیا

ملتان (پی این آئی) پانچ سالہ بچے کی جانب سے لینڈ کروزر چلانے کا معاملہ، گاڑی کے مالک مظہر عباس ایف بی آر کے ٹیکس نادہندہ نکل آئے۔ مظہر عباس جن کا تعلق ملتان سے ہے انہوں نے 2019 اور 2020 کا ٹیکس ریٹرن فائل نہیں کیا، ایف بی آر میں مظہر عباس کا بزنس مظہر عباس کمیشن ایجنٹ کے نام سے رجسٹرڈ ہے جبکہ مظہر عباس نے ٹریفک پولیس کے

سامنے خود کو گاڑی کا مالک ظاہر کیا تھا۔ پولیس نے ریکارڈ دیکھا تو گاڑی کا مالک کوئی اور تھا جس پر گاڑی ضبط کر لی گئی۔ ایک نجی ٹی ویچینل نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ لینڈکروزر کے مالک مظہر عباس نے گاڑی کا ٹوکن ٹیکس بھی ادا نہیں کیا تھا جبکہ گاڑی کسی اور کے نام سے رجسٹرڈ تھی۔ جب کم سن بچے کے لینڈکروزر چلانے کا معاملہ سامنے آیا تو مظہرعباس نے پولیس کے سامنے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کسی اور سے کچھ عرصہ پہلے گاڑی خریدی ہے اور اس کا ٹوکن ٹیکس ادا کرنا ہے۔ واضح رہے کہ کچھ روز قبل کم عمر بچے کی لینڈکروزر گاڑی چلانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، ملتان کی انتہائی مصروف سڑکوں پر گاڑی چلانے پر صارفین نے گاڑی کو ٹریس کرنے کا مطالبہ کیا تھا، جس کے بعد گاڑی کو ٹریس کر لیا گیا اور 115 ایم وی او کے تحت بند کردیا گیا تھا، نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے گاڑی چلانے والے بچے نے کہا کہ آئس کریم کھانے کو دل کر رہا تھا میں چابی اٹھائی اور گاڑی نکال لی، میں بہت سی جگہوں پر گیا لیکن آئس کریم نہ ملی اس لئے میں فلائی اوور سے واپس آ گیا۔ بچے کے والد نے بچے کے گاڑی چلانے پر شرمندگی کا اظہار کیا تھا۔ واضح رہے کہ گاڑی کا مالک ن لیگ کا مقامی سرگرم رکن ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں