واشنگٹن (آئی این پی )آبنائے ہرمز میں ایران کی پاسداران انقلاب نے بارودی سرنگیں بچھا رکھی ہیں جس سے وہاں گزرنے والے جہازوں کو شدید خطرات ہیں اور امریکی صدر نے اس تناظر میں اپنی بحریہ کو نیا حکم دیدیا۔ عالمی ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں کہا کہ آبنائے ہرمز میں امریکی مائن سویپرز(بارودی سرنگیں صاف کرنے والے جہاز) پہلے ہی کام کر رہے ہیں اور اس عمل کو مزید تیز کیا جا رہا ہے۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ اس کارروائی کی رفتار تین گنا تک بڑھانے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ عالمی بحری راستے کو جتنی جلدی ممکن ہو محفوظ بنایا جاسکے۔ انہوں نے نے کہا کہ میں نے امریکی بحریہ کو حکم دیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھانے والی کسی بھی کشتی کو چاہے وہ کتنی ہی چھوٹی کیوں نہ ہو اسی وقت تباہ کر دیا جائے۔ اس میں کسی قسم کی ہچکچاہٹ نہیں ہونی چاہیے۔خیال رہے کہ امریکا کی جانب سے ماضی میں ایران کی پاسداران انقلاب پر آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھانے کا الزام عائد کیا جاتا رہا ہے تاہم امریکی حکام نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ ایران اب بھی بارودی سرنگیں بچھا رہا ہے۔واضح رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین تیل بردار بھری راستوں میں شمار ہوتی ہے جہاں سے عالمی تیل کی بڑی مقدار گزرتی ہے جسے ایران نے اسرائیل امریکی جنگ کے بعد سے بند کر رکھا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






