مکہ مکرمہ(پی این آئی ) سعودی عرب میں کئی ماہ کی شدید اور جھلسا دینے والی گرمی کے بعد اب موسم انتہائی خوشگوار ہوتا چلا جا رہا ہے۔ خصوصاً گزشتہ دو ہفتوں کے دوران بارش نے درجہ حرارت میں نمایاں کمی کر دی ہے۔ سعودی محکمہ موسمیات نے ایک بار پھر بارشوں کی خبر دی دی ہے۔ محکمہ موسمیات کے
مطابق آج جمعرات سے لے کر کر پرسوں ہفتہ تک مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ، تبوک، حائل، الجوف،حدود شمالیہ اور مشرقی ریجن بارش سے متاثر ہوں گے۔تیز ہواؤں کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی۔جس کے باعث کئی مقامات پر طغیانی بھی آ سکتی ہے۔آج قصیم میں تیز ہواؤں کے بعد ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔ محکمہ شہری دفاع کی جانب سے مقامی افراد اور تارکین سے کہا گیا ہے کہ بارش کے دوران وادیوں اور نشیبی علاقوں کا رُخ کرنے سے گریز کریں اور کسی بھی پکنک کی غرض سے نہ جائیں۔کیونکہ نشیبی علاقوں میں پانی اکٹھا ہونے سے ڈرائیورز کو شدید مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔واضح رہے کہ سعودی عرب میں آج نماز استسقاء پڑھی جائے گی۔ شاہی دیوان کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی طرف سے تاکید کی گئی ہے کہ ملک بھر میں جمعرات کے روز نماز استستقاء کا اہتمام کرتے ہوئے سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو تازہ کیا جائے اور اللہ سے باران رحمت کے لیے دعائیں کی جائیں۔ توبہ واستغفار ،ذکر اذکار،صدقات وخیرات، نوافل کا اہتمام، رجوع اللہ اور زیادہ سے زیادہ عبادت کی جائے تاکہ اللہ کی رحمت کے نزول کے دروازے کھل سکیں۔نماز استسقاء بارش کے حصول کے لیے ادا کی جاتی ہے یہ سُنت نبی کریمﷺ ہے جس پر آج سعودیہ بھر میں عمل کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں