ہیٹ ویو الرٹ جاری، محکمۂ موسمیات نے شدید گرمی کی پیشنگوئی کر دی

کراچی(پی این آئی)ہیٹ ویو الرٹ جاری، محکمۂ موسمیات نے شدید گرمی کی پیشنگوئی کر دی، محکمۂ موسمیات نے کراچی میں پورا ہفتہ گرمی کی شدت برقرار رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہرِ قائد سمیت سندھ بھر کے لیے ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔محکمۂ موسمیات نے لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ ہیٹ ویو

کے دوران دن میں 11 بجے سے 4 بجے کے دوران شہری بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ہیٹ ویو کے دوران کراچی شہر اور اطراف میں درجۂ حرارت 39 سے 41 ڈگری تک جانے کا خدشہ ہے۔محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ زیریںِ سندھ میں آئندہ 5 تا 7 روز موسم کبھی گرم اور کبھی شدید گرم رہے گا، جبکہ گرم موسم کے دوران ہوائیں شمال اور شمال مغرب سے چلنے کا امکان ہے۔محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں ہیٹ ویو 6 تا 8 دن اثر انداز ہو سکتی ہے، اس دوران شہری بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں اور اشد ضرورت کے تحت نکلتے وقت گیلا رومال، تولیہ ساتھ لے کر چلیں۔محکمۂ موسمیات کی ہدایت کے مطابق ہیٹ ویو کے دوران شہری سر کو ڈھانپ کر رکھیں، سایہ دار جگہوں پر رہیں، پانی کی بوتل ساتھ رکھیں اور بار بار پانی پیئیں تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو سکے جبکہ بچوں کو اس دوران گھروں سے باہر ہر گز نہ نکلنے دیں۔محکمۂ موسمیات نے متعلقہ اداروں کے حکام کو ہیٹ ویو سے متعلق ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔دوسری جانب محکمۂ موسمیات کا آئندہ 24 گھنٹوں کے حوالے سے کہنا ہے کہ اس دوران کراچی کا موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔محکمۂ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجۂ حرارت 25 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔شہر میں شمال مغرب کی سمت سے 7 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جن میں نمی کا تناسب 43 فیصد ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close