نواز شریف کی تقریر کے بعد ن لیگی منتخب نمائندوں نے رابطے شروع کر دیئے، پی ٹی آئی کی سینئر قیادت نے بھانڈا پھوڑ دیا

اسلام آباد (پی این آئی)نواز شریف کی تقریر کے بعد ن لیگی منتخب نمائندوں نے رابطے شروع کر دیئے، پی ٹی آئی کی سینئر قیادت نے بھانڈا پھوڑ دیا، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ نوازشریف کے بیانیے پر (ن) لیگ کے اندر سے مختلف آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ نوازشریف کا مقصد ملک میں بے

یقینی اور اضطراب کی کیفیت پیدا کرنا ہے۔ نواز شریف کی تقریر کے بعد مسلم لیگ (ن) کے لوگ ہم سے رابطے کر رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ذاتی مفاد اور منافقانہ سیاست کی ہے۔ نواز شریف کا انقلابی پن دوغلا اور کھوکھلا ہے۔ بطور مجرم اور اشتہاری نوازشریف کو سیاست پر بھاشن دینا زیب نہیں دیتا۔ نیب کیسز کے باعث گھیرا تنگ ہونے سے اپوزیشن حکومت کو بلیک میل کرنا چاہتی ہے۔ اسمبلیوں سے استعفوں کی دھمکیاں بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ اپوزیشن ارکان استعفیٰ دینگے تو نئے الیکشن کرائیں گے۔ پی ٹی آئی دوبارہ اکثریت حاصل کرلے گی۔ اپوزیشن مختلف حربے استعمال کرکے حکومت گرانا چاہتی ہے۔ ناکامی ان کا مقدر بنے گی۔ یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ (ن) لیگ جو تحریک چلانا چاہتی ہے وہ بے بنیاد ہے۔ جاتی عمرہ میں اس وقت تذبذب اور اضطراب کے سائے منڈلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیٹف قانون سازی میں ناکامی کے بعد اب یہ سڑکوں پر آنا چاہتے ہیں۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان بدعنوان عناصر کے احتساب کیلئے پرعزم ہیں۔ وزیراعظم کا بدعنوان عناصر کے خلاف عزم ایسے حالات میں مزید مستحکم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ والے ڈیل کے چکر میں ہیں اور مسلسل رابطے کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ (ش) لیگ سمیت (ن) لیگ کے کئی دھڑے بننے جارہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) میں تقسیم کے حوالے سے شیخ رشید کی باتوں میں وزن ہے۔ شریف خاندان میں بھی اس وقت چپقلش چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں مسلم لیگ (ن) کی تنظیم سازی بڑے زوروں پر چل رہی ہے۔علاوہ ازیں ٹوئٹر پر بیان میں شبلی فراز نے کہا ہے کہ کرونا وبا کے حوالے سے اپوزیشن کے الزامات اور خدشات کو وقت نے غلط ثابت کر دکھایا۔ عام آدمی کی صحت، روزگار اور کاروبار کی بحالی تک حکومتی پالیسیوں کے مثبت نتائج برآمد ہوئے۔ کٹھن حالات میں اعلی کارکردگی دکھانا عمران خان کی حقیقی پہچان ہے۔ وزیراعظم کے کامیاب وژن کی گواہی اعدادوشمار دے رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں