سندھ اور بلوچستان میں بارش سے نظام زندگی درہم برہم،حیدر آباد، میر پور خاص، تھر پارکر، عمر کوٹ، نواب شاہ، ٹنڈو جام، ٹ ھٹہ اور دیگر اضلاع میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے ، انتظامیہ کی غفلت سے ابر رحمت زحمت بن گئی ہے, بارشوں کا پانی آبادی میں داخل ہوگیا

کراچی(آئی این پی ) خلیج بنگال سے آنے والے مون سون سسٹم نے کراچی سمیت سندھ کے زیریں علاقوں میں بھی موسلا دھار بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، حیدر آباد، میر پور خاص، تھر پارکر، عمر کوٹ، نواب شاہ، ٹنڈو جام، ٹھٹہ اور دیگر اضلاع میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں, انتظامیہ کی غفلت سے ابر رحمت زحمت

بن گئی ہے, بارشوں کا پانی آبادی میں داخل ہوگیا ہے جب کہ پانی کی نکاسی نہ ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بجلی کی بندش نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران سندھ میں سب سے زیادہ بارش میر پور خاص میں ہوئی، جہاں 162 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ مٹھی 135، حیدر آباد )سٹی133، ایئر پورٹ 128(، چھور111، بدین 109، کراچی گلشن حدید105، ٹنڈو جام 93، ٹھٹہ 72 اور لاڑکانہ میں 30 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ ترجمان حیسکو صادق اکبر کا کہنا ہے کہ سندھ کے 13 اضلاع میں حیسکو کے 80 فیڈر بارش سے متاثر ہوئے ہیں۔ بارش کے رکتے ہی پیٹرولنگ کرا کر فالٹ دور کر کے بجلی بحال کر دی جائے گی۔ حیدرآباد میں 22 فیڈر بارش کے بعد سے متاثر ہوئے ہیں۔ جنہیں جلد بحال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس سید تراب علی نے کہا ہے کہ اس وقت ایم نائن لیاری ایکسپریس وے سے جامشورو ، این 5 مٹیاری سے مورو اور انڈس ہائی وے پر جامشورو سے لاڑکانہ تک بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ شہریوں سے گزارش ہے کہ غیرضروری سفر سے گریز کریں۔ مون سون بارشوں کا سسٹم سندھ سے ملحقہ بلوچستان کے اضلاع میں بھی اچھی بارشوں کا باعث بن رہا ہے۔ ضلع لسبیلہ، آواران اور خضدار میں گزشتہ رات سے ہی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے علاقوں کراچی ، حیدرآباد ، ٹھٹہ ، بدین ، شہید بینظیرآباد ، دادو ، تھرپارکر ، نگرپارکر ، میرپورخاص ، اسلام کوٹ ، عمر کوٹ ، سانگھڑ ، سکھر اور لاڑکانہ میں بدھ تک تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے جب کہ بلوچستان میں لسبیلہ ، خضدار ، آواران ، بارکھان ، ژوب ، موسی خیل ، لورالائی ، کوہلو اور سبی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ اس دوران قلات، لسبیلہ، خضدار اور آواران میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں