رواں ہفتے معمول سے زیادہ بارشیں ہونے کا امکان ، موسم کا حال بتانے والوں کی اہم پیشنگوئی

لاہور (پی این آئی) رواں ہفتے ملک بھر میں معمول سے زیادہ بارشیں ہونے کا امکان، متوقع شدید بارشوں سے پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخواہ کے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ

موسمیات کی تازہ ترین پیشگوئی کے مطابق ملک کے جنوبی اور بالائی علاقوں میں بلترتیب پیر سے بدھ اور منگل سے جمعرات شدید بارشیں متوقع ہیں ۔ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق متوقع شدید بارشوں سے کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ اور بدین کے علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہو سکتا ہے یہ بارشی سلسلہ بلوچستان کے علاقوں قلات، خضداراور لسبیلہ میں سیلابی ریلوں کا موجب بن سکتا ہے۔پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی اندیشہ ہے- کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ضروری ہدایات جاری کر دیں۔بتایا گیا ہے کہ مون سون ہوائیں شدت سے رواں ہفتے کے دوران ملک میں داخل ہوں گی۔ منگل کے روز سندھ، جنوب مشرقی بلوچستان، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ پیر اور منگل کے روز لاہور، سیالکوٹ، گجرات، نارووال اور خطۂ پوٹھوہار میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ اس دوران بہاولنگر، بہاولپور، ملتان، ڈی جی خان، راجن پور اور رحیم یار خان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔مون سون ہوائیں پیر سے بدھ کے دوران ملک کے جنوبی علاقوں جبکہ منگل سے جمعرات کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی۔ بدھ سے جمعرات پشاور، مردان، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد میں تیز بارش کا خدشہ جبکہ کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں