*روس کی ایران امریکا کشیدگی کم کرنے کے لیے ثالثی کی پیشکش*
روس نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کردار ادا کرنے کی پیشکش کر دی۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ایرانی قیادت کو یقین دہانی کرائی کہ ماسکو تنازع کے سفارتی حل کے لیے تعاون فراہم کرنے کو تیار ہے۔ دونوں صدور کے درمیان ٹیلیفونک رابطے میں باہمی تعلقات اور خطے کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔
پیوٹن نے کہا کہ روس ایران کے ساتھ جامع اسٹریٹیجک شراکت داری کے معاہدے کے تحت تعاون جاری رکھے گا اور ایران کے خلاف جارحیت کے دوران ایرانی عوام کے عزم کو غیر معمولی قرار دیا۔
روسی صدر نے کہا کہ روس بھی مسئلے کا ایسا حل چاہتا ہے جو سفارت کاری کے ذریعے نکالا جائے اور اس مقصد کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران کو مختلف محاذوں سے مکمل جنگ کا سامنا ہے، تاہم ملک اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے مذاکرات کی کوششیں جاری رکھنے کے ساتھ مزاحمت بھی جاری رکھے گا۔






