آبنائے ہرمز کے معاملے پر روس کا بڑا اعلان

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ روس خلیجی ریاستوں اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز کے معاملے پر استحکام لانے کی کوششوں میں کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے، ان کا کہنا ہے کہ خلیجی ممالک اور ایران کے تعلقات میں اعتماد اور خطے میں مستحکم علاقائی انفراسٹرکچر ضروری ہے۔

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روس خلیجی ریاستوں اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز کے معاملے کو درست سمت میں لانے اور خطے میں استحکام کی کوششوں میں کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

سرگئی لاوروف کا کہنا تھا کہ خلیجی ممالک اور ایران کے تعلقات میں باہمی اعتماد کی ضرورت ہے، جبکہ روس خطے میں مستحکم علاقائی انفراسٹرکچر کو اہم سمجھتا ہے۔

روسی وزیر خارجہ نے یہ بات ہفتے کے روز ایسے میں وقت کہی جب امریکا کی جانب سے ایران کی ناکہ بندی کے باعث آبنائے ہرمز کا تنازع مزید گہرا ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کا معاملہ خطے کی سطح پر تذویراتی اعتبار سے انتہائی اہم ہے، اس لیے روس دیگر ذمہ دار ریاستوں کے ساتھ مل کر اس معاملے پر تعمیری کردار ادا کرنے کی پیشکش کرتا ہے تاکہ خطے میں استحکام لایا جا سکے۔

دریں اثنا، سرگئی لاؤروف نے یورپی ممالک پر الزام عائد کیا کہ وہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے ہونے والے مذاکرات کی ناکامی میں ’خوب‘ کردار ادا کر رہے ہیں۔

روسی وزیر خارجہ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے خاتمے کے معاملے میں دلچسپی رکھتی ہے۔