مقابلہ حفظ قرآن، تلاوت و تفسیر، کروڑوں کے انعامات

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سرپرستی میں شاہ سلمان مقابلہ حفظ قرآن کریم، تلاوت اور تفسیر منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں کروڑوں روپے کے انعامات دیے جائیں گے۔

ایس پی اے کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر سرپرستی وزارت اسلامی امور نے مقامی سطح پر شاہ سلمان مقابلہ حفظ قرآن کریم، تلاوت و تفسیر کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔

مقابلے کے 28ویں ایڈیشن کے مجموعی انعامات 9 ملین ریال (66 کروڑ 60 لاکھ پاکستانی روپے) مالیت کے ہوں گے، جو 6 مختلف کیٹیگریز کے فاتحین میں تقسیم کیے جائیں گے۔

مقابلے کا ابتدائی راؤنڈ مملکت میں علاقائی سطح پر 21 جمادی الاول سے شروع ہو کر 22 رجب 1448 ہجری تک جاری رہے گا۔

فائنل کوالیفائر راؤنڈ ریاض میں 24 سے 29 شعبان 1448 ہجری تک منعقد کیا جائے گا، جبکہ لڑکیوں کے لیے اختتامی تقریب 2 رمضان اور لڑکوں کے لیے 3 رمضان المبارک کو منعقد ہوگی۔

وزیر اسلامی امور اور مسابقے کے نگران اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے بتایا کہ مملکت کی سطح پر منعقد ہونے والے مقابلے کے 28ویں ایڈیشن میں 6 کیٹیگریز شامل ہیں۔

پہلی کیٹیگری مکمل قرآن حفظ کرنے والے ان حفاظ کے لیے ہے جو ساتوں متواتر قراتوں پر عبور رکھتے ہوں، جبکہ دوسری کیٹیگری میں مکمل حفظ کے ساتھ دس قراتوں اور تجوید کا مقابلہ ہوگا۔

تیسری کیٹیگری مکمل حفظ کے ساتھ تجوید و تفسیر پر مشتمل ہے۔ چوتھی کیٹیگری میں 20 پاروں کے حفاظ اور تجوید، پانچویں کیٹیگری میں 10 پاروں کے حفاظ تجوید کے ساتھ، جبکہ چھٹی اور آخری کیٹیگری میں 5 پارے حفظ کرنے والے اور تجوید کے ساتھ تلاوت کرنے والے امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔