*امریکا میں کارگو طیارہ لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار، 5 افراد جاں بحق*
امریکی ریاست فلوریڈا کے میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایمیزون پرائم ایئر کا کارگو طیارہ لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا جس کے نتیجے میں 5 افراد جھلس کر ہلاک ہو گئے۔ زخمیوں میں 3 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
حکام کے مطابق اتوار کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر تقریباً 2 بجے فلائٹ 7598 میامی ایئرپورٹ کے ایک رن وے پر اترتے ہوئے قابو سے باہر ہو گئی۔ رن وے سے باہر نکلنے کے بعد طیارہ زمین پر کھڑی متعدد گاڑیوں سے ٹکرایا اور اس میں آگ لگ گئی۔ حادثے میں کچھ افراد گاڑیوں میں پھنس گئے جبکہ طیارے کے پائلٹ اور معاون پائلٹ بھی جہاز کے اندر پھنسے رہے۔
میامی ڈیڈ فائر ریسکیو کے مطابق حادثے کے بعد 60 سے زائد امدادی یونٹس اور تقریباً 200 اہلکار موقع پر پہنچے۔ امدادی کارروائیوں کے دوران طیارے سے ایندھن کے اخراج کی وجہ سے صورتحال مزید خطرناک ہو گئی۔ حکام نے ہلاک شدگان کی شناخت فوری طور پر ظاہر نہیں کی۔
حادثے کا شکار بوئنگ 767-300 کارگو طیارہ پورٹو ریکو کے شہر سان خوان سے میامی آیا تھا۔ فلائٹ ٹریکنگ سروس کے مطابق حادثے کے وقت طیارہ تقریباً 207 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تھا۔ یہ طیارہ 32 سال پرانا تھا اور 1994 سے 2015 تک مختلف ایئرلائنز کے لیے مسافر طیارے کے طور پر استعمال ہوتا رہا۔ بعد میں اسے کارگو طیارے میں تبدیل کر دیا گیا۔ ایمیزون کے ترجمان کا کہنا ہے کہ طیارہ کارگو ایئرلائن 21 ایئر کے ذریعے ایمیزون کے لیے آپریٹ کیا جا رہا تھا۔
حادثے کے فوراً بعد میامی ایئرپورٹ پر تمام پروازیں عارضی طور پر روک دی گئیں، تاہم شام تک چار میں سے دو رن وے دوبارہ کھول دیے گئے۔ امریکا کے نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے تحقیقات کے لیے ٹیم میامی روانہ کر دی ہے جو پیر کو ابتدائی بریفنگ بھی دے گی۔
ایمیزون اور 21 ایئر نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تحقیقات میں مکمل تعاون کر رہے ہیں اور اولین ترجیح متاثرہ افراد کی مدد ہے۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب ایمیزون پرائم ایئر کے لیے چلنے والا بوئنگ 767 کارگو طیارہ حادثے کا شکار ہوا ہو۔ فروری 2019 میں اٹلس ایئر کی ایک بوئنگ 767 کارگو پرواز ٹیکساس کی ٹرینٹی بے میں گر کر تباہ ہو گئی تھی جس میں 3 افراد ہلاک ہوئے تھے۔






