بس خوفناک حادثے کا شکار

ہنگری میں پولینڈ سے تعلق رکھنے والے سیاحوں کو لے جانے والی ایک بس خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک جبکہ کم از کم 10 زخمی ہوگئے۔

حادثہ اتوار کی صبح مشرقی ہنگری میں میزُوکیرِشٹیش کے قریب ایم تھری موٹروے پر پیش آیا۔ پولیس کے مطابق پولینڈ میں رجسٹرڈ بس نیرِیگ ہازا کی جانب جارہی تھی کہ اچانک سڑک سے اتر کر کنارے موجود گڑھے میں جاگری اور الٹ گئی۔

ہنگری کے وزیراعظم پیٹر میگیار نے سوشل میڈیا پر حادثے میں 12 افراد کی ہلاکت اور کم از کم 10 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی۔ زخمیوں کو فوری طور پر مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق پولیس کو شبہ ہے کہ بس کا ڈرائیور دورانِ سفر سو گیا تھا، جس کے باعث بس بے قابو ہوکر سڑک سے اتر گئی۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی حتمی وجہ کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی ہوسکے گا۔

ہنگری کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق بس میں 57 مسافر اور دو ڈرائیور سوار تھے۔ حادثے کے فوراً بعد پولیس، فائر فائٹرز اور امدادی کارکنوں نے کارروائی کرتے ہوئے مسافروں کو بس سے باہر نکالا اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی۔

حادثے کے بعد سامنے آنے والی تصاویر میں سرخ رنگ کی بس موٹروے کے کنارے ایک گڑھے میں الٹی ہوئی دکھائی دی، جبکہ بس کی کھڑکیاں ٹوٹ چکی تھیں اور مسافروں کا سامان بھی جائے حادثہ پر بکھرا ہوا تھا۔

پولیس نے بس کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے اور حادثے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں۔

پولینڈ کے صدر کارول ناوروتسکی نے حادثے میں اپنے شہریوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ پولش وزارت خارجہ نے بھی متاثرہ افراد اور ان کے اہل خانہ سے رابطے اور ضروری قونصلر معاونت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

حکام کے مطابق زخمیوں کا علاج جاری ہے جبکہ حادثے کی مکمل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات مزید آگے بڑھائی جارہی ہیں۔