الیکٹرک بائیک چلانے والوں پر دو پابندیاں عائد

پیرس(آئی این پی) فرانس میں الیکٹرک بائیک چلانے والوں پر دو پابندیاں عائد کر دی گئیں، حکم عدولی پر بڑے جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس میں الیکٹرک سائیکلوں اور موٹر سائیکل چلانے والوں کے لیے ہیلمٹ اور روشنی کو منعکس کرنے والے چمکدار کپڑے پہننا لازمی قرار دے دیا ہے۔

پیرس کی سڑکوں پر کرائے کی الیکٹرک سائیکلوں اور موٹر سائیکلز پر 2023 سے پابندی عائد ہے۔ تاہم ذاتی ملکیت والی سائیکلیں اور سکوٹرز اب بھی بڑے پیمانے پر استعمال ہو رہے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق پابندی کا فیصلہ ان گاڑیوں کے استعمال سے ہونے والے حادثات میں اضافے کے پس منظر میں سامنے آیا ہے کیونکہ ان میں سے ایک بڑا تناسب سر پر شدید یا مہلک چوٹوں کا باعث بنا ہے۔

پولیس نے متنبہ کیا ہے کہ ہیلمٹ نہ پہننے پر 135 یورو (156 ڈالر) جرمانہ ہوگا جبکہ چمکدار جیکٹ یا روشنی کو عکس کرنے والے کپڑے نہ پہننے والے کو 35 یورو جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا اور اس فیصلے کا اطلاق عوامی سڑکوں پر ہر وقت ہوگا۔