2 ہیلی کاپٹر گر گئے،6افرادچل بسے

برازیل اور امریکا میں پیش آنے والے دو مختلف ہیلی کاپٹر حادثات میں مجموعی طور پر 6 افراد ہلاک ہوگئے۔

خبررساں ادارے اناطولیہ ایجنسی کے مطابق برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں ایک ہیلی کاپٹر جنگلاتی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ سمیت 4 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر آگ بھڑک اٹھی، جسے بجھانے کے لیے خصوصی ٹیمیں روانہ کی گئیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر ایک نجی کمپنی کے زیر انتظام تھا جو سیاحوں کو فضائی سیر کراتی تھی اور حادثہ شہر کے مشہور سیاحتی مقام وسٹا چائنیسا کے قریب پیش آیا۔

کولمبیا کی قونصل جنرل ڈیانا پائز کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 3 افراد کولمبین سیاح ہو سکتے ہیں، تاہم شدید جھلس جانے کے باعث ان کی شناخت میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ریسکیو اہلکاروں کو بھی حادثے کے مقام تک پہنچنے میں دشواری پیش آئی کیونکہ ہیلی کاپٹر گھنے اور دشوار گزار جنگل میں گرا تھا۔

دوسری جانب امریکا کی ریاست یوٹاہ میں جنگلاتی آگ بجھانے کے مشن پر مامور ایک ہیلی کاپٹر بھی گر کر تباہ ہوگیا، جس میں سوار دونوں پائلٹ ہلاک ہوگئے۔

حکام کے مطابق یہ ہیلی کاپٹر فشلَیک نیشنل فاریسٹ میں لگی آگ پر قابو پانے کی کارروائی میں شریک تھا۔ حادثے کے نتیجے میں ایک نئی آگ بھڑک اٹھی جو بعد ازاں پہلے سے موجود آگ میں شامل ہوگئی۔

حکام کے مطابق مشترکہ آگ اب تقریباً 174 مربع میل، یعنی 451 مربع کلومیٹر رقبے تک پھیل چکی ہے، جبکہ امریکا کے مغربی علاقوں میں متعدد جنگلات بدستور آگ کی لپیٹ میں ہیں۔