مزید زلزلوں کا خدشہ، عوام کو الرٹ رہنے کی ہدایت

جاپان میں چین کے سفارت خانے نے جنوب مغربی جاپان میں آنے والے شدید زلزلوں کے بعد وہاں مقیم چینی شہریوں کو مزید جھٹکوں کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر محتاط رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

عالمی میڈیا کے مطابق چینی سفارت خانے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ منگل کو مقامی وقت کے مطابق شام 4 بج کر 27 منٹ پر کماموتو صوبے میں 7.1 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے بعد 12 گھنٹوں کے دوران 148 سے زائد آفٹر شاکس ریکارڈ کیے گئے، جن کے باعث جانی نقصان بھی ہوا۔

بیان میں کہا گیا کہ جاپان کے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ ایک ہفتے کے دوران اسی نوعیت کے مزید زلزلے آنے کا امکان موجود ہے۔

چینی سفارت خانے نے جاپان میں موجود اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر کی منصوبہ بندی احتیاط سے کریں، متاثرہ علاقوں کا رخ کرنے سے گریز کریں اور اپنی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات اختیار کریں۔

سفارت خانے نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ زلزلوں سے متعلق تازہ معلومات، موسمی انتباہات اور قدرتی آفات سے بچاؤ کی ہدایات پر نظر رکھیں، جبکہ مقامی حکام کی جانب سے جاری کردہ انخلا اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔

حکام نے شہریوں کو آفٹر شاکس کے خطرات سے خبردار رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر مقامی پولیس، چینی سفارت خانے یا قونصل خانوں سے رابطہ کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔