//

تیل کی سپلائی پر ایران کا سخت مؤقف، باقر قالیباف کا بڑا اعلان

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے تیل کی سپلائی اور آبنائے ہرمز کی سیکیورٹی کے معاملے پر سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی خطے میں ایران تیل فروخت نہیں کر سکے گا تو وہاں کوئی دوسرا ملک بھی تیل کی فراہمی جاری نہیں رکھ سکے گا۔

اپنے بیان میں باقر قالیباف نے کہا کہ ایران اپنی قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور اگر اس کی سیکیورٹی کو یقینی نہ بنایا گیا تو خطے کا کوئی بھی اہم انفراسٹرکچر محفوظ نہیں رہ سکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کا حق رکھتا ہے۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی سیکیورٹی اس وقت امریکی افواج کی موجودگی کے بغیر برقرار ہے، جو اس بات کی علامت ہے کہ خطے کے ممالک اپنی اہم آبی گزرگاہوں کے تحفظ کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ کشیدگی کے بعد آبنائے ہرمز کی صورتحال ماضی جیسی نہیں رہے گی اور خطے میں سیکیورٹی، توانائی اور بحری نقل و حمل کے حوالے سے نئی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔

باقر قالیباف کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی توانائی کی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل متاثر ہوئی تو عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں اور توانائی کی فراہمی پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close