اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندوں کا بھارتی حکومت کے نام کھلا خط ، کیا لکھا گیا ہے ؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندوں کا بھارت سے ووٹر فہرستوں سے نام خارج کیے جانے پر جواب طلب

اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندوں نے بھارتی حکومت کو ایک کھلا خط ارسال کرتے ہوئے انتخابی فہرستوں سے لاکھوں ووٹروں کے نام خارج کیے جانے کے الزامات پر وضاحت طلب کر لی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے بھارت کو بھیجے گئے مراسلے میں انتخابی فہرستوں سے بڑی تعداد میں نام حذف کیے جانے کے معاملے پر تفصیلی جواب مانگا گیا ہے۔ خط میں بھارت سے مذہب اور نسلی بنیادوں پر خارج کیے گئے ووٹروں سے متعلق اعداد و شمار بھی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

خط میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مغربی بنگال میں تقریباً 91 لاکھ افراد کے نام انتخابی فہرستوں سے خارج کیے جانے کے الزامات سامنے آئے ہیں، جبکہ 12 ریاستوں میں مجموعی طور پر 5 کروڑ 20 لاکھ نام حذف کیے جانے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔

اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندوں نے کہا کہ الزامات کے مطابق مسلم اور بنگالی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کو زیادہ متاثر کیا گیا، جبکہ نندی گرام کے علاقے میں مبینہ طور پر حذف کیے گئے ووٹرز میں 95 فیصد مسلمان تھے۔

خط میں مزید کہا گیا کہ ووٹر فہرستوں سے نام خارج کیے جانے کے عمل سے اقلیتیں، خصوصاً مسلمان، سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہیں۔ اقوام متحدہ کے نمائندوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے بعض سرکاری نمائندوں کے بیانات پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بیانات مبینہ طور پر امتیازی رویوں کو فروغ دے سکتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close