ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے لیے 70 کروڑ ڈالر کے قرض کی منظوری دے دی ہے، جو انشورنس سیکٹر میں اصلاحات اور انشورنس کوریج میں اضافے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
اے ڈی بی کے مطابق اس پروگرام کا مقصد انشورنس تحفظ کے خلا کو کم کرنا اور نجی شعبے کی شمولیت کو فروغ دینا ہے۔ ادارے نے کہا ہے کہ پاکستان میں انشورنس کا حجم جی ڈی پی کے صرف 0.7 فیصد کے برابر ہے۔
بینک کے مطابق یہ “انشورنس ٹرانسفارمیشن پروگرام” مالیاتی نظام کو زیادہ مضبوط اور پائیدار بنانے میں مدد دے گا، جس سے معیشت کی جھٹکوں سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر ہوگی۔
پروگرام کے تحت کسانوں، خواتین اور کمزور طبقات کے لیے خصوصی انشورنس مصنوعات متعارف کرائی جائیں گی جبکہ قدرتی آفات اور موسمیاتی خطرات سے تحفظ کے لیے جدید انشورنس نظام کو فروغ دیا جائے گا۔
اے ڈی بی نے بتایا کہ سیٹلائٹ بیسڈ رسک اسسمنٹ اور ڈیجیٹل انشورنس سہولیات متعارف کرائی جائیں گی جبکہ انشورنس کلیمز کے نظام کو بہتر بنا کر خدمات تک رسائی آسان بنائی جائے گی۔
ادارے کے مطابق یہ پروگرام طویل مدتی بچت، سرمایہ کاری اور انفراسٹرکچر فنانسنگ میں بھی معاون ثابت ہوگا، جبکہ پاکستان کا انشورنس شعبہ روایتی نظام سے جدید رسک بیسڈ ماڈل کی طرف منتقل ہوگا۔
اے ڈی بی نے کہا ہے کہ اصلاحات سے ملک میں مسابقتی، جامع اور مضبوط انشورنس مارکیٹ کے قیام میں مدد ملے گی۔ قرض کے ذریعے بانڈ مارکیٹ اور نجی پنشن مصنوعات کی ترقی کو بھی فروغ ملے گا۔
بینک کا مزید کہنا ہے کہ ایشیا و بحرالکاہل میں پائیدار اور جامع ترقی کے فروغ کے لیے ادارہ سرگرم کردار ادا کر رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






