افسوسناک خبر ، کشتی اُلٹ گئی

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے جابل پور میں برگھی ڈیم کے قریب سیاحتی کشتی حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق جبکہ 4 افراد تاحال لاپتا ہیں۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق کشتی حادثہ اس وقت پیش آیا جب 40 سے زائد سیاحوں کو لے جانے والی کشتی اچانک پانی میں ڈوبنے لگی۔ حادثے کے وقت کشتی میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار تھے، جبکہ موسم کی خرابی کے باوجود اسے سفر کی اجازت دی گئی تھی۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کشتی کے اندر موجود مسافر ابتدا میں معمول کے مطابق بیٹھے ہوئے تھے، تاہم اچانک پانی تیزی سے کشتی کے اندر داخل ہونے لگا اور صورتحال افراتفری میں بدل گئی۔

حادثے میں زندہ بچ جانے والے افراد کا کہنا ہے کہ کشتی کا عملہ بار بار صرف بیٹھے رہنے کی ہدایت دیتا رہا، جبکہ کسی قسم کی فوری مدد یا حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے۔

ریسکیو آپریشن میں بھی تاخیر دیکھی گئی، اور اطلاع ملنے کے باوجود ابتدائی امدادی ٹیم بروقت روانہ نہیں ہو سکی، جس سے صورتحال مزید سنگین ہو گئی۔ مقامی افراد اور ماہی گیر سب سے پہلے امدادی کارروائیوں کے لیے پہنچے اور 15 سے زائد افراد کو بچایا۔

حکام کے مطابق اب تک 9 لاشیں برآمد کی جا چکی ہیں، جبکہ چار افراد جن میں بچے بھی شامل ہیں، لاپتا ہیں۔ خراب موسم کے باعث رات گئے سرچ آپریشن عارضی طور پر روک دیا گیا تھا، جو بعد میں دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔

واقعے کے بعد ریاستی حکومت نے کشتی رانی اور واٹر اسپورٹس کی تمام سرگرمیاں معطل کر دی ہیں اور پورے نظام کا حفاظتی آڈٹ بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close