اسرائیل نے طویل جنگ کی تیاری کر لی، مزید فوجیوں کی فوری ضرورت قرار

تل ابیب:  اسرائیلی فوج کے چیف آف سٹاف ایال زامیر نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج ممکنہ طور پر 2026 کے دوران پورا سال متعدد محاذوں پر لڑائی جاری رکھے گی۔یہ بات انھوں نے شمالی اسرائیل میں واقع رامات ڈیوڈ ایئر بیس پر ہونے والے ایک اجلاس کے دوران کہی، جس میں فوج کی اعلی قیادت نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایران کے ساتھ جنگ کے تناظر میں اب تک کی فوجی کارروائیوں کے نتائج اور لبنان میں اسرائیلی فوجی آپریشنز کا جائزہ لیا گیا۔ایال زامیر نے کہا کہ سات اکتوبر 2023 کے بعد سے اسرائیلی فوج متعدد محاذوں پر مسلسل لڑ رہی ہے اور افواج ہر وقت تیار اور چوکس ہیں تاکہ اگر تمام محاذوں پر شدید لڑائی دوبارہ شروع ہو تو فوری ردعمل دیا جا سکے۔انھوں نے کہا کہ آنے والے برسوں میں فوج پر ذمہ داریوں میں اضافے کے پیشِ نظر اسرائیلی فوج کو مزید فوجیوں کی شدید ضرورت ہے۔غزہ، شام اور لبنان میں محاذ جنگ کے ساتھ دفاعی علاقے قائم کرنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اسرائیلی فوج کے سربراہ نے یہ عندیہ بھی دیا یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی افواج کو ان علاقوں میں موجود رہنا چاہیے تاکہ طویل المدت بنیادوں پر اسرائیلی شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close