جموں و کشمیر کبھی بھارت کا حصہ رہا اور نہ ہی اب اس پر نئی دہلی کا کوئی حق ہے، اقوام متحدہ میں پاکستانی قونصلر کا بھارتی سفارتکار کو سخت جواب

نیویارک(آئی این پی)اقوام متحدہ میں بھارتی سفارت کار کے کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ کہنے پر پاکستانی قونصلر عمران خان نے بھارتی سفارت کار کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر نہ کبھی بھارت کا حصہ رہا، اور نہ ہی اب اس پر نئی دہلی کا کوئی حق ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر اقوام متحدہ کی قرارداد کی روشنی میں ایک متنازع خطہ ہے، جموں کشمیر کے مستقبل کے فیصلے کا اختیار اہل کشمیر کے پاس ہے۔

پاکستانی قونصلر نے مزید کہا کہ بھارت جموں کشمیر پر اقوام متحدہ کی قرارداد تسلیم کرچکا، اب عملدرآمد ہونا ہے، بھارتی موقف یو این سلامتی کونسل کی قرارداد کی 7دہائیوں سے خلاف ورزی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت جموں کشمیر کی مسلم آبادی کو اقلیت بنانے کی کوشش کررہا ہے، پاکستان پر دہشت گردی کے بھارتی الزامات اپنی ریاستی دہشت گردی چھپانیکی کوشش ہیں۔پاکستانی قونصلر عمران خان نے یہ بھی کہا کہ یہ لکھ لیں کشمیری اپنے حق خود ارادیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کوبے نقاب کرتا رہے گا، پاکستان یو این قرارداد کے تحت مسئلہ کشمیر حل کرنے کی آواز بلند کرتا رہے گا۔۔۔۔

close