فلپائن کی فضائیہ کا سی 130طیارہ گر کر تباہ، متعدد ہلاکتیں ہو گئیں

منیلا(پی این آئی)فلپائن کی فضائیہ کا سی 130 طیارہ اتوار کے روز جنوبی صوبہ سولو میں گر کر تباہ ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں 42 فوجی اور تین شہری ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ 49 فوجیوں کو بچا لیا گیا ہے۔ان میں سے بعض فوجی جلتے طیارے سے کود کرجانیں بچانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔فوجی طیارہ زمین پرگرنے کے بعد دھماکے سے پھٹ گیا اور کئی حصوں میں بٹ گیاتھا۔جائے وقوعہ کی تصاویر میں متعدد فوجیوں کو زخمی یا مردہ حالت میں زمین پر پڑے دیکھا جا سکتا ہے اور درختوں کے درمیان پھیلے ملبے سے شعلے اور سیاہ دھواں بلند ہو رہا تھا۔امریکا کی طیارہ ساز کمپنی لاک ہیڈ کے ساختہ سی 130 ٹرانسپورٹ طیارے میں 96 فوجی سوار تھے۔ان میں تین پائیلٹ اور عملہ کے پانچ ارکان اور باقی تمام فوجی تھے۔ وہ جزیرے سولو میں انسداد شورش کی کارروائیوں میں حصہ لینے کے لیے جارہے تھے۔طیارے نے جولوکے ہوائی اڈے پر اترنے کی کوشش کی تھی، لیکن رن وے کو چھوئے بغیر قریب واقع علاقہ پٹیکول میں درختوں کے درمیان گرکر تباہ ہوگیا۔جائنٹ ٹاسک فورس سولو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ متعدد فوجیوں کوطیارے سے کودتے ہوئے دیکھا گیا تھا جس کی وجہ سے وہ اس کے زمین پر ٹکرانے کے بعد شعلوں کی لپیٹ میں آنے سے بچ گئے تھے۔فوج نے بیان میں کہا ہے کہ حادثے کے بعد طیارے کے ملبے سے42 لاشیں نکال لی گئی ہیں اور 49 زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ پانچ فوجیوں کا کوئی پتا نہیں ہے۔محکمہ قومی دفاع کے ترجمان نے بتایا کہ زمین پر موجود تین شہری بھی طیارہ گرنے سے ہلاک اور سات زخمی ہوئے ہیں۔فلپائنی فوج کے ترجمان کرنل ایڈگارڈ اریوالو کا کہنا ہے کہ طیارے پر کسی حملے کا کوئی اشارہ نہیں ملا ہے۔تاہم حادثے کی تحقیقات ابھی شروع نہیں کی گئی اور امدادی سرگرمیوں پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔

close