تعلیمی نظام میں بنیادی تبدیلیاں، نئے تعلیمی سال میں تین سمسٹر ہوں گے اور ہر سمسٹر 13 ہفتوں کا ہوگا

ریاض(پی این آئی)سعودی وزارت تعلیم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مملکت میں نئے تعلیمی سال میں تین سمسٹر ہوں گے اور ہر سمسٹر 13 ہفتوں کا ہوگا۔سبق ویب سائٹ کے مطابق وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد بن محمد آل الشیخ نے وزارت تعلیم کے صدر دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نئے تعلیمی سال سے متعلق بریفنگ دی۔انہوں نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب میں تعلیمی نظام میں بنیادی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں، نصاب میں نئے مضامین شامل کیے جا رہے ہیں جبکہ موجودہ مضامین میں بہتری لائی گئی ہے۔‘انہوں نے کہا کہ ’طلبہ کے لیے تعلیمی دنوں میں اضافہ کیا گیا ہے اور یہ قدم بہت غور و فکر کے بعد اور نظام تعلیم کا جائزہ لینے کے بعد اٹھایا گیا ہے۔‘انہوں نے کہا ہے کہ نئے تعلیمی سال میں طلبہ کی حاضری ہو گی، لہٰذا امید ہے کہ تعلیمی عملہ یکم اگست سے پہلے ویکسین لگوا لے گا۔‘نئے تعلیمی نظام کے حوالے سے انہوں نے مزید بتایا کہ ہر سمسٹر کے بعد ایک ہفتہ چھٹی ہو گی جبکہ پورے سال میں طلبہ کو 12 چھٹیاں دی جائیں گی۔‘ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نیا تعلیمی سال 21 محرم 1443 بمطابق 29 اگست 2021 سے شروع ہوگا اور یکم ذو الحجہ 1443 بمطابق 30 جون 2022 تک جاری رہے گا۔وزیر تعلیم نے یہ بھی کہا کہ ’گذشتہ تعلیمی سال غیر معمولی تھا جس میں اساتذہ سمیت والدین نے انتھک محنت کی، اس پر ہمیں سب کا شکریہ ادا کرنا چاہیے۔‘

close