سعودی عرب سمیت کئی ممالک میں عید الفطر کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا

ریاض (پی این آئی) سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں عید الفطر کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا۔ حرمین شریفین کے ٹوئٹر اکاونٹ سے کی گئی ٹوئٹ میں بتایا گیا ہے کہ مملکت میں شوال کا چاند کہیں نظر نہیں آیا، لہذا رمضان المبارک 30 روزوں پر مشتمل ہوگا، جبکہ عید الفطر 13 مئی بروز جمعرات کو ہو گی۔بتایا گیا ہے کہ شوال کا چاند دیکھنے کیلئے بلائے گئے اجلاس کے دوران ہی معروف سعودی ماہر فلکیات نے پیشن گوئی کر دی تھی کہ منگل کے روز سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ اس سے قبل ملائیشیا اور انڈونیشیا عید الفطر کی تاریخ کا اعلان کرنے والے پہلے 2 اسلامی ممالک بن گئے۔دونوں ممالک میں رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے بعد اعلان کیا گیا ہے کہ عید الفطر 13 مئی بروز جمعرات کو ہوگی۔جبکہ آسٹریلیا دنیا کا پہلا ملک تھا جہاں رمضان المبارک کے اختتام سے چند روز قبل ہی رواں سال عید الفطر کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا۔اس حوالے سے آسٹریلین قومی امام کونسل کی جانب سے باقاعدہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔ جاری اعلامیہ میں آسٹریلیا میں مقیم مسلمانوں کو بتایا گیا کہ آسٹریلیا میں عید الفطر 1442 ہجری 13 مئی بروز جمعرات کو منائی جائے گی۔ آسٹریلیا میں رمضان المبارک کا اختتام 12 مئی بروز بدھ کو ہو گا، اسی روز شوال کا چاند بھی نظر آ جائے گا، جس کے بعد 13 مئی بروز جمعرات کو آسٹریلیا بھر میں عید الفطر منائی جائے گی۔آسٹریلیا کے علاوہ دیگر کئی ممالک میں بھی شوال کے چاند کی رویت کے حوالے سے پیشن گوئی کی گئی۔ رمضان المبارک کا آخری ایام میں غیر ملکی ماہرین فلکیات کی جانب سے ایک رپورٹ جاری کی گئی، جس میں شوال کے چاند کی رویت کے حوالے سے تکنیکی معلومات فراہم کی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق 11 مئی کو دنیا کے کسی ملک میں شوال کا چاند نظر نہیں آئے گا، جبکہ کئی ممالک میں 12 مئی کو بھی چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے۔سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت بیشتر خلیجی اور عرب ممالک کے علاوہ کئی یورپی ممالک میں بھی 12 مئی کو چاند نظر آ جائے گا، یوں ان ممالک میں 13 مئی بروز جمعرات عید الفطر منائی جائے گی۔ جبکہ پاکستان سمیت بیشتر ایشیائی ممالک میں 12 کی بجائے 13 مئی کو شوال کا چاند نظر آئے گا، یوں ان ممالک میں 14 مئی کو عید الفطر منائی جائےگی۔ رپورٹ کے مطابق اس مرتبہ دنیا کے بیشتر ممالک میں رمضان المبارک 30 ایام پر مشتمل ہوگا۔

close