پاکستان سے آکسیجن امپورٹ کریں، نریندر مودی نے امریندر سنگھ کی تجویز مسترد کر دی

نئی دلی(آئی این پی)مودی سرکار نے بھارتی پنجاب کو پاکستان سے آکسیجن امپورٹ کرنے سے منع کر دیا،بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر اعلی کیپٹن امریندر سنگھ نے اپریل میں وفاقی حکومت کو خط لکھ کر پاکستان سے ہنگامی بنیادوں پر آکسیجن کی امپورٹ کی اجازت مانگی تھی، وفاقی حکومت نے ان کی درخواست مسترد کر دی،مودی سرکار نے ریاست پنجاب کی آکسیجن کی ضرورت پوری کرنے کی حامی بھری تھی، جس پر تاحال عمل نہیں کیا گیا، کورونا کیسز میں اضافے کے بعد بھارتی پنجاب کے رہنمائوں نے پاکستان کے ساتھ آکسیجن کوریڈور قائم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔۔۔۔

افغان امن میں پاکستان کا کردار اہم ہو گیا،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کابل پہنچ گئے، افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات

کابل (آئی این پی)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کابل کے ایک روزہ سرکاری دورے پر افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی جس دوران باہمی دلچسپی، افغان امن عمل میں پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی سلامتی و دفاع میں تعاون اور بارڈر مینجمنٹ کو مزید موثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف نے کابل میں افغان صدر سے ملاقات کی ، اس دوران برطانوی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل نکولس پیٹرک بھی موجود تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی، افغان امن عمل میں پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں باہمی سلامتی و دفاع میں تعاون اور بارڈر مینجمنٹ کو مزید موثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اس دوران آرمی چیف نے کہا کہ پر امن افغانستان کا مطلب پر امن خطہ، بالخصوص پر امن پاکستان ہے،پاکستان ہمیشہ افغانوں کی قیادت میں افغان مفاہمتی عمل کی حمایت کرتا رہے گا۔آئی ایس پی آر کے مطابق افغان صدر نے با معنی بات چیت پر آرمی چیف سے اظہار تشکر کیا اور افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کے مخلصانہ اور مثبت کردار کو سراہا۔۔۔۔

close