رواں سال حج کی محدود ادائیگی ، کتنے حاجیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی؟ حیران کن اعداد و شمار جاری

جدہ (پی این آئی) سعودی عرب کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ رواں برس محدود حج میں شرکت کرنے والے ایک بھی حاجی میں کورونا کی تصدیق نہیں ہوئی۔ جدہ کے شاہ عبدالعزیز ایئر پورٹ کے ڈائریکٹر عصام فواد کے مطابق رواں سال حج کے مثالی انتظامات کیے گئے، عازمین حج کی آمد سے روانگی تک حجاج کرام کی

صحت کی نگرانی کی جاتی رہی۔ محدود حج انتہائی کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا۔انہوں نے بتایا کہ رواں برس مملکت کے 8 شہروں ریاض، مدینہ منورہ، الوجہ، دمام، قصیم، ابہا، جیزان اور تبوک سے عازمین حج کو سعودیہ ایئر کی اندرون ملک پروازوں کے ذریعے جدہ لایا گیا تھا۔دوسری جانب سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کے سیکرٹری ڈاکٹر حسین الشریف کا کہنا ہے کہ محدود حج کی کامیابی کے بعد عمرہ کی ادائیگی کی اجازت دینے پر غور شروع کردیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہر سال حج کی ادائیگی کے بعد ایک مفصل اور جامع رپورٹ تیار کی جاتی ہے جس کی روشنی میں انتظامات اور دیگر امور کا جائزہ لے کر اگلے سال کے انتظامات کی تیاریاں شروع کی جاتی ہیں، رواں سال محدود حج کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے ایس او پیز کے ساتھ عمرہ شروع کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

close