امریکہ میں نوکریوں کے لیے غیر ملکیوں پر امریکی شہریوں کو ترجیح دی جائے، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حکم نامے پر دستخط کر دیئے

واشنگٹن(پی این آئی)امریکہ میں نوکریوں کے لیے غیر ملکیوں پر امریکی شہریوں کو ترجیح دی جائے، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حکم نامے پر دستخط کر دیئے، امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وفاقی اداروں میں غیر ملکی ملازمین پر امریکی شہریوں کو ترجیح دینے کے ایک حکم نامے پر دستخط کر دیے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق

وائٹ ہاوس نے کہا کہ ایگزیکٹو آرڈر کی وجہ سے وفاقی اداروں کو پابند کیا جا سکے گا کہ وہ نا منصفانہ طریقے سے امریکیوں کو ملازمتوں سے ہٹا کر کم تنخواہوں پر غیر ملکی ملازمین کو نہ رکھیں۔جاری ہونے والے ایگزیکٹو آرڈر کا اطلاق تمام وفاقی اداروں پر ہو گا اور وہ اپنا انٹرنل آڈٹ مکمل کرنے کے بھی پابند ہوں گے تاکہ یہ پتا لگایا جا سکے کہ وہ مسابقتی عہدوں پر امریکی شہریوں کو ملازمت دے رہے ہیں یا نہیں۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے یہ حکم ٹینیسی ویلی اتھارٹی (ٹی وی اے)کے حالیہ اقدام کے ردِ عمل میں اٹھایا ہے جس نے ٹیکنالوجی سے متعلق اپنی 20 فی صد ملازمتیں غیر ملکی کمپنیوں کو آوٹ سورس کرنے کا اعلان کیا تھا۔ٹی وی اے نے اس مقصد کے لیے ایچ ون-بی ویزا استعمال کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے تحت امریکی ادارے مخصوص اہلیت کے غیر ملکی شہریوں کو عارضی طور پر ملازمت دے سکتے ہیں۔یاد رہے کہ ٹی وی اے ایک وفاقی ادارہ ہے جو 1933 میں قائم ہوا تھا۔ یہ ادارہ ٹینیسی ویلی میں سیلابی صورتِ حال سے بچاو کے انتظامات کے علاوہ بجلی کی پیداوار اور ویلی کی اقتصادی بہبود کے لیے کام کرتا ہے۔صدر ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے ٹی وی اے کے سربراہ اسکپ تھامسن کو بھی برطرف کر دیا ہے کیوں کہ وہ غیر ملکی ملازمین کو بھاری معاوضے پر بھرتی کر رہے تھے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر دیگر وفاقی اداروں نے بھی غیر ملکی ملازمین کی بھرتیاں جاری رکھیں تو وہ ایسے اداروں کے نگران بورڈز کے ارکان کی چھٹی کر دیں گے۔

close