گھر کا ٹی وی خراب، اسمارٹ فون ہے نہیں، آن لائن کلاس نہ اٹینڈ کرنے کے باعث نویں جماعت کی طالبہ نے خودکشی کرلی

کیرالا (پی این آئی)گھر کا ٹی وی خراب، اسمارٹ فون ہے نہیں، آن لائن کلاس نہ اٹینڈ کرنے کے باعث نویں جماعت کی طالبہ نے خودکشی کرلی۔گھر کا ٹی وی خراب ہونے اور اسمارٹ فون نہ ہونے کی وجہ سے آن لائن کلاس نہ دیکھ پانے کے باعث ریاست کیرالہ کی نویں جماعت کی طالبہ نے خودکشی کرلی۔بھارتی اخبار

انڈیا ٹوڈے کے مطابق کیرالہ کے ضلع مالاپرم کے نواحی شہر والن چیری کی نویں جماعت کی طالبہ نے آن لائن کلاس کو نہ دیکھ پانے پر خودکشی کرلی۔رپورٹ کے مطابق 14 سالہ دیویکا بالاکرشن یکم جون کی سہ پہر سے گھر سے غائب تھی اور 2 جون کو ان کی جلی ہوئی لاش ان کے گھر کے قریب ایک خالی مکان سے ملی۔جواں سالہ لڑکی کی لاش ملنے پر اہل محلہ نے پولیس کو مطلع کیا، پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردیا جب کہ غیر طبعی موت کا مقدمہ دائر کرکے تفتیش کا آغاز بھی کردیا۔ابتدائی رپورٹس کے مطابق پولیس نے بتایا کہ لڑکی کی لاش کے قریب ایک خط بھی ملا ہے، جس میں انہوں نے اپنی زندگی ختم کرنے سے متعلق آگاہ کیا ہے۔لڑکی نے خط میں لکھا ہے کہ یکم جون سے آن لائن کلاسوں کا آغاز ہو رہا ہے اور ان کے گھر میں نہ تو ٹی وی ہے اور نہ ہی اسمارٹ فون اور چوں کہ وہ آن لائن کلاس نہیں دیکھ پائیں گی، اس لیے وہ اپنی زندگی ختم کرنے جا رہی ہیں۔لڑکی نے خودکشی سے قبل آخری خط اپنے والدین کے نام لکھا اور انہیں بتایا کہ وہ جا رہی ہیں۔لڑکی کے والد نے پولیس کو بیان میں بتایا کہ ان کے گھر کا ٹی وی گزشتہ تین ماہ سے خراب ہے اور ان کے پاس اتنے پیسے نہیں تھے کہ اسے ٹھیک کروائیں جب کہ ان کے گھر میں کوئی اسمارٹ فون بھی نہیں ہے۔نویں جماعت کی طالبہ کی خودکشی کے بعد ریاست کی وزارت تعلیم نے تمام اضلاع کے تعلیمی افسران کو حکم دیا ہے کہ وہ سروے کریں کہ کتنے گھروں میں ٹی وی، اسمارٹ فون اور انٹرنیٹ کی سہولت میسر نہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

close