بارشوں کا نیا سلسلہ شروع، سردی پھر لوٹ آئی، محکمہ موسمیات کی ہلچل مچانے والی پیشنگوئی

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں مغربی ہوائیں داخل ہونے کی وجہ سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے 31 مارچ تک ملک کے بالائی اور وسطی حصوں میں بارشوں کے جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

بدھ کو کوئٹہ، پشین، مستونگ، قلات سمیت بلوچستان کے 15 سے زائد اضلاع میں بارشیں ہوئیں جس سے بالائی علاقوں میں جاتی سردی واپس لوٹ آئی ہے۔ کسانوں کے مطابق بارشوں سے گندم ،آڑو، سیب، خوبانی اور چیری کے باغات اور فصلوں کو فائدہ پہنچے گا۔ محکمہ موسمایت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا، پنجاب، اسلام آباد اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا کے علاقے پارا چنار میں 11 ملی میٹر اور بنوں میں آٹھ ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ لیہ، اسلام آباد میں چار اور راولپنڈی میں تین ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ کوئٹہ میں موسلا دھار بارش کے بعد نکاسی آب کے ناقص نظام کی وجہ سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔ زرغون روڈ، جناح روڈ، سریاب روڈ، کرانی روڈ، ہزارہ ٹاؤن، بروری روڈ، ارباب کرم خان روڈ، سیٹلائٹ ٹاؤن اور دیگر شاہراہوں میں پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے جمعرات کو بلوچستان کے بیشتر علاقوں جبکہ جمعے کو چند مقامات پر بارشیں جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

اس دوران گوادر اور کیچ سمیت صوبے کے جنوبی اضلاع میں موسم خشک رہنے اور گردآلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا یہ موسمیاتی نظام جمعرات کو بلوچستان کے ساتھ ساتھ ملک کے بالائی اور وسطی حصوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے گا اور اس کے نتیجے میں 31 مارچ تک بارشیں جاری رہ سکتی ہیں۔محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے بالائی مقامات پر بارش کے ساتھ پہاڑوں پر برفباری اور چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔ مارچ کی 29 اور30 تاریخ کو تیز بارش کے باعث بالائی خیبر پختونخوا، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے آندھی، جھکڑ، ژالہ باری، گرج چمک اور تیز بارش کے باعث کھڑی فصلوں، کمزور انفراسٹرکچرز (بجلی کے کھمبے، گاڑیوں، سولر پینلز وغیرہ) کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔ سیاحوں اور کسانوں کو محتاط رہنے اور تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

close