جاتی سردی لوٹ آئی، محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشنگوئی کردی

لاہور (پی این آئی) جاتی سردی لوٹ آئی، مزید بارشوں کی پیشن گوئی، لاہور اور دیگر شہروں میں گزشتہ رات کی موسلادھار بارش کے باعث درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے چلا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ 2 دنوں کے دوران پنجاب کے مختلف شہروں میں ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں گرم ہوتا موسم دوبارہ سے سرد ہو گیا ہے۔ جبکہ گزشتہ رات صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی بادل جم کر برسے۔

گزشتہ رات شہر میں بارش کے 2 اسپیل آئے، جبکہ ہفتے کے روز دن بھر شہر میں بادلوں اور سورج کی آنکھ مچولی چلتی رہی اور سرد ہوائیں چلنے کا سلسلہ بھی جاری رہے۔ بتایا گیا ہے کہ بارشوں اور سرد ہوائیں چلنے کے باعث لاہور سمیت دیگر شہروں میں بھی درجہ حرارت میں واضح کمی آئی ہے۔ہفتے کے روز کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سیٹی گریڈ سے نیچے چلا گیا۔ اچھی بارش کی وجہ سے مسلسل فضائی آلودگی کا شکار رہنے والے لاہور کے ائیر کوالٹی انڈیکس میں بھی زبردست بہتری آئی۔ہفتے کے روز شہر کا ائیر کوالٹی انڈیکس 89 رہا۔

جبکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ 24 گھنٹوں میں شہر کا مطلع جزوی طور پر اگر آلود رہنے کی پیشنگوئی کرتے ہوئے شہر اور گردونواح میں مزید بارش برسنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ جبکہ پنجاب کے علاوہ خیبرپختونخواہ میں بھی بارشوں اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کوہستان، بونیر،شانگالہ، مانسہرہ،ایبٹ آباد، باجوڑ،چترال، دیر اور سوات میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔ جبکہ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔

close