یتیم بچوں اور بیواؤں کے لیے رحمت کارڈ پروگرام کا افتتاح

لاہور: پنجاب میں یتیم بچوں اور بیواؤں کی مدد کے لیے رحمت کارڈ پروگرام کا افتتاح کر دیا گیا ہے اور اس کی اہلیت اور درخواست دینے کا طریقہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے صوبے میں بیواؤں اور یتیم بچوں کو فی کس ایک لاکھ روپے مالی امداد فراہم کرنے کے لیے رحمت کارڈ پروگرام کا آغاز کیا۔ متعلقہ حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ اس پروگرام کے لیے اہلیت کی شرائط اور اپلائی کرنے کا طریقہ واضح کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق رحمت کارڈ پروگرام کے لیے صوبائی زکوٰۃ فنڈ سے پانچ ہزار ملین روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ اس پروگرام کے تحت صرف وہی مسلم بیوائیں اور یتیم بچے اہل ہوں گے جو شرعی طور پر زکوٰۃ کے مستحق ہیں۔

مزید بتایا گیا ہے کہ وہ بیوائیں جو سرکاری ملازم ہوں، پنشن حاصل کرتی ہوں یا صاحبِ حیثیت ہوں، وہ اس پروگرام کے تحت امداد کی حقدار نہیں ہوں گی۔

رحمت کارڈ پروگرام کے لیے موبائل ایپ کے ذریعے بھی درخواست دی جا سکتی ہے، جبکہ مزید معلومات کے لیے 1077 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق مستحق افراد کا انتخاب پنجاب سماجی و اقتصادی رجسٹری کے ڈیٹا بیس سے کیا جائے گا اور ضلعی کوٹے کی بنیاد پر حتمی فہرست تیار کی جائے گی۔ اگر کسی کا رجسٹریشن موجود نہ ہو تو اس کے ڈیٹا کی تصدیق نادرا سے کی جائے گی۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے مطابق رحمت کارڈ کی رقم جاز کیش والٹ اکاؤنٹ کے ذریعے مستحقین کو فراہم کی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close