ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے معرکۂ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر منعقدہ ثقافتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معرکۂ حق اور آپریشن بنیان مرصوص نے پاکستان کا عالمی وقار بلند کیا ہے، اور پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔

تفصیلات کے مطابق عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مملکتِ خداداد اس لیے کہا جاتا ہے کیونکہ یہ اللہ تعالیٰ کا عطا کردہ انعام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے بے شمار قربانیاں دے کر یہ وطن حاصل کیا، علامہ اقبال نے اس کا خواب دیکھا اور قائداعظم نے اسے حقیقت کا روپ دیا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ہمیشہ ہماری آزادی سے خائف رہا ہے اور مسلسل سازشوں میں مصروف ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان نے پہلگام واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا، جبکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے ہمیشہ ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے بھارت پر دہشتگردی کو فروغ دینے کا الزام بھی عائد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے پہلگام واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا جبکہ عسکری قیادت نے مؤثر حکمت عملی کے ساتھ صورتحال کو سنبھالا۔

عطاء اللہ تارڑ نے دعویٰ کیا کہ پاکستان نے دشمن کے 8 طیارے مار گرائے اور فتح میزائل نے بھارتی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جس کے بعد بھارتی نمائندوں کے چہرے اتر گئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت جنگ نہیں چاہتا تھا تو اس نے حملہ کیوں کیا؟ پاکستان نے چند گھنٹوں میں دشمن کو پسپائی اختیار کرنے پر مجبور کر دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی میڈیا پر جھوٹی خبریں چلائی گئیں کہ لاہور اور ملتان کی بندرگاہیں تباہ کر دی گئی ہیں، تاہم اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ایسی کامیابی عطا کی جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستانی قوم اپنی افواج کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے اور ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close