لاہور: لاہور سے راولپنڈی کے لیے پاکستان کی پہلی فاسٹ ٹرین چلانے کا فیصلہ کرلیا گیا ، جس سے سوا دو گھنٹے میں سفر طے ہوگا۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف اور وفاقی وزیرِ ریلوے حنیف عباسی نے ایک تاریخی قراردادِ مفاہمت پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے تحت پنجاب میں ریلوے ٹرانسپورٹ کے ایک نئے اور جدید عہد کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔اس منصوبے کے تحت پنجاب کے 20 ریجنز میں 1415 کلومیٹر طویل روٹس پر جدید ترین ٹرینیں چلائی جائیں گی۔معاہدے کی سب سے بڑی پیش رفت لاہور سے راولپنڈی کے درمیان پاکستان کی پہلی فاسٹ ٹرین کا آغاز ہے ، جس میں 280 کلومیٹر طویل یہ سفر اب صرف سوا دو گھنٹے یعنی 135 منٹ میں طے ہو سکے گا۔حکومتِ پنجاب اس منصوبے کے لیے نئے انجن اور عالمی معیار کی جدید ترین کوچز فراہم کرے گی جبکہ صوبائی حکومت علاقائی روٹس پر سفر کو آسان بنانے کے لیے جدید ڈی ایم یو ٹرینیں چلائے گی۔ اہم روٹس درج ذیل ہیں:اہم روٹس میں شاہدرہ، نارووال اور سیالکوٹ کے درمیان ٹرین سروس ، رائیونڈ، قصور اور پاکپتن سے لودھراں تک 370 کلومیٹر طویل روٹ، شیخوپورہ، جڑانوالہ اور شورکوٹ (220 کلومیٹر)، لالہ موسی، ملکوال اور سرگودھا روٹ، کوٹ ادو سے ڈیرہ غازی خان اور کشمور تک 303 کلومیٹر طویل بین الصوبائی روٹ اور فیصل آباد سے براستہ چک جھمرہ اور شاہین آباد ٹرین سروس شامل ہیں۔وزیرِ ریلوے حنیف عباسی نے بتایا کہ پنجاب بھر میں ریلوے حادثات کے سدباب کے لیے خودکار سسٹم لایا جا رہا ہے۔اس کے علاوہ لاہور ریلوے اسٹیشن کی حالتِ زار بدلنے کے لیے اسے عالمی معیار کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے گا ، شاہدرہ سے رائیونڈ تک ٹریک کے اطراف 40 کلومیٹر طویل گرین پارکس بنائے جائیں گے جبکہ ٹریک کے اطراف 4 لاکھ سے زائد پودے لگا کر اسے یورپی طرز کے مناظر میں ڈھالا جائے گا۔وفاقی وزیر حنیف عباسی نے وزیراعلی مریم نواز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس پراجیکٹ سے پنجاب کے تقریبا 9 کروڑ عوام براہِ راست مستفید ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں ریلوے میں کسی نے سرمایہ کاری نہیں کی، لیکن اب وزیراعلی کی نگرانی میں ریلوے کی تاریخ بدلی جا رہی ہے۔وزیراعلی مریم نواز نے خواہش ظاہر کی کہ پنجاب کے 11 کروڑ عوام کو یورپ کی طرز پر بہترین اور محفوظ ٹرانسپورٹ مہیا کی جائے۔انہوں نے ٹرانسپورٹ کے ساتھ ساتھ ہیلتھ، ایجوکیشن اور آئی ٹی کے شعبوں میں بھی انقلابی اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






