ایف آئی اے نے کراچی میں حوالہ، ہنڈی کے دھندے سے منسلک بین الاقوامی خفیہ نیٹ ورک کا ایک اہم کارندہ گرفتار کر لیا، ملزم ’را‘ کے کراچی میں موجود سلیپر سیلز کو رقوم فراہم کرتا رہا ہے، ذرائع

لاہور (پی این آئی)ایف آئی اے نے کراچی میں حوالہ، ہنڈی کے دھندے سے منسلک بین الاقوامی خفیہ نیٹ ورک کا ایک اہم کارندہ گرفتار کر لیا، ملزم ’را‘ کے کراچی میں موجود سلیپر سیلز کو رقوم فراہم کرتا رہا ہے، ذرائع، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے انسدادِ دہشت گردی ونگ نے کراچی میں ایک اور بڑی

کارروائی کرتے ہوئے حوالہ اور ہنڈی کے دھندے سے منسلک بین الاقوامی خفیہ نیٹ ورک کے ایک اور ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم جنید کو کراچی کے پوش علاقے بہادر آباد میں دھوراجی کالونی سے گرفتار کیا گیا ہے، ملزم مقامی منی ایکسچینج کمپنی کا منیجر ہے جو حوالہ ہنڈی کے عالمی نیٹ ورک سے جڑا ہوا ہے۔ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے کراچی میں موجود سلیپر سیلز کو رقوم فراہم کرتا رہا ہے۔ملک دشمن عناصر اس رقم سے منظم دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے علاوہ ممنوع آلات اور ہتھیاروں کی خریداری کرتے رہے ہیں۔حکام کے مطابق حوالہ ہنڈی میں ملوث یہ ملزم چند دن پہلے کراچی سے گرفتار کیے گئے حوالہ ہنڈی اور دہشت گردوں کو رقم فراہم کرنے والے خفیہ نیٹ ورک سے ملا ہوا تھا۔تفتیشی حکام کے مطابق گرفتار ملزم جنید اور اس کے ساتھی دبئی میں بیٹھ کر حوالہ اور ہنڈی کا نظام چلا رہے ہیں۔حکام کو دستیاب شواہد کے مطابق ملزمان بھارت سے محمود صدیقی گروپ سے بذریعہ ای میل رابطے میں تھے اور بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے ملنے والے ٹاسک ملزمان کو پہنچاتے تھے۔ملزمان کے مطابق انہیں زیادہ تر ای میلز نئی دہلی سے بھیجی جاتی ہیں، جن میں ملزمان کو ایک کوڈ ورڈ اور آئی ڈی بھی دی گئی تھی جسے بتا کر ملک دشمن عناصر ان سے رقوم وصول کرتے تھے۔ملزم جنید کے قبضے سے ملنے والے لیپ ٹاپ، یو ایس بی، موبائل فون اور دیگر سامان کا موازنہ کیا جا رہا ہے۔ایف آئی اے حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ گروپ کے دیگر افراد کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

close