ظلم کی انتہا، کراچی منگھو پیر سے 4اور 7سال کے دو بچوں کی لاشیں لاوارث کار سے برآمد، 10مئی سے گھر سے لاپتہ تھے

کراچی(پی این آئی)ظلم کی انتہا، کراچی منگھو پیر سے 4 اور 7 سال کے دو بچوں کی لاشیں لاوارث کار سے برآمد، 10 مئی سے گھر سے لاپتہ تھے،کراچی ویسٹ کے علاقے منگھوپیر میں نیا ناظم آباد کے قریب بس اسٹاپ پر کئی روز سے لاوارث کھڑی کار کے اندر سے دو کمسن بچوں کی کئی روز پرانی لاشیں ملی ہیں جن

کی موت دم گھٹنے سے بتائی جارہی ہے۔منگھوپیر تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر گل اعوان کے مطابق نیا ناظم آباد کے قریب عمر کالونی کے ایف 11 بس اسٹاپ پر کھڑی ایک لاوارث کار نمبر ڈی 8262 سے تعفن اٹھنے پر اہل محلہ نے پولیس کو اطلاع دی۔پولیس کے مطابق کار لاک تھی جس کے شیشے توڑ کر گیٹ کھولا گیا تو دو کم عمر بچوں کی لاشیں کار میں پڑی تھیں، ایک لاش کار کی عقبی سیٹ پر اوندھی پڑی تھی جب کہ دوسری فرنٹ کی دو سیٹوں کے درمیان موجود تھی، دونوں بچوں کی عمریں 4 اور 7 سال ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے لاشوں پر بظاہر کوئی نشان نہیں، شبہ کیا جا رہا ہے کہ دونوں بچوں کی موت دم گھٹنے سے ہوئی۔پولیس کے مطابق دونوں بچے 10 مئی سے لاپتا تھے اور بچوں کے والدین نےرپورٹ بھی درج کرائی تھی جب کہ والدین کا کہنا ہے کہ وقوعہ کےروز پولیس کی مدد سے پورےعلاقے میں بچوں کوتلاش بھی کیا گیا۔پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاشیں عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی ہیں، موت کی حتمی وجہ موت پوسٹ مارٹم کے بعد سامنے آ سکے گی۔

close