پاکستانی چینل نے برطانوی چینل کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کورونا وائرس کی تصدیق والی غلط خبر کا بدلہ لے لیا، برطانوی وزیراعظم کی موت کی خبر چلا دی گئی

لندن (پی این آئی) گزشتہ دنوں ایک برطانوی ویب ٹی وی چینل نے غلطی سے وزیر اعظم عمران خان میں کورونا وائرس کی تصدیق کی خبر چلائی تو آج (منگل کو) ایک پاکستانی ٹی وی چینل نے برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن کو ہی مار دیا۔برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کورونا وائرس کی وجہ سے آئی سی یو

میں داخل ہیں۔ نجی ٹی وی ڈان نیوز نے بی بی سی ورلڈ کی خبر کا مبینہ طور پر غلط ترجمہ سمجھا اور بورس جانسن کے انتقال کی بریکنگ نیوز چلادی۔ اس سے قبل جب بورس جانسن میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی تو برطانیہ کے ایک ویب چینل نے غلطی سے یہ خبر چلادی تھی کہ وزیر اعظم عمران خان میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔2 چینلز کی جانب سے غلطیاں کیے جانے پر سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے کیے جارہے ہیں۔ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے اس صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ” پاکستانی نیوز چینل کا برطانوی نیوز چینل سے بدلہ ،تم زخم دو گے ہم مار ڈالیں گے، اینج تے فیر اینج ای سہی۔”اینکر پرسن جمیل فاروقی نے اس پر تبصرہ کیا ” اور پھر یوں ہوا کہ ڈان نیوز نے زندہ سلامت برطانوی وزیر اعظم کو کورونا سے مروا ڈالا، شاید انگریزی جملوں کا اردو ترجمہ کرنے والا “وکی” والے اسکول سے پڑھا تھا۔”

close