وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ورچوئل اثاثہ جات کے شعبے میں مؤثر اور عالمی معیار کے ریگولیٹری نظام کو جلد از جلد مکمل طور پر فعال بنانے اور نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل فنانس سمیت جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی تربیت فراہم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے وزیر مملکت اور پاکستان ورچوئل ایسیٹس ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین بلال بن ثاقب نے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ملک میں ڈیجیٹل معیشت کے فروغ اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کے لیے ورچوئل اثاثہ جات کے شعبے میں عالمی معیار کے مطابق ریگولیٹری نظام کو جلد از جلد مکمل طور پر فعال بنانے پر زور دیا گیا۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی خصوصاً مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل فنانس کے شعبوں میں تربیت دینے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں تاکہ افرادی قوت کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔
ملاقات کے دوران بلال بن ثاقب نے وزیر اعظم کو پاکستان ورچوئل ایسیٹس ریگولیٹری اتھارٹی کی آپریشنل ریگولیٹر میں منتقلی اور ریگولیٹری سینڈ باکس کے آغاز پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مصنوعی ذہانت پر مبنی ادائیگیوں اور ریگولیٹڈ ورچوئل اثاثوں کی خدمات جیسے شعبوں میں جدت متعارف کرائی جا رہی ہے، جبکہ اس معاشی تبدیلی کے اگلے مرحلے کے لیے قومی اداروں، افرادی قوت اور ریگولیٹری فریم ورک کی تیاری پر بھی کام جاری ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






